اسرائیلی فورسز کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے شہر نابلس میں واقعہ المخفیہ محلے میں چھاپے کے دوران دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا جس کے بعد رواں سال شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 94 ہو گئی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے چھاپے کے دوران آنسو گیس کے گولے بھی استعمال کیے گئے جس سے درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں شہاداتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نابلس شہر میں قابض اسرائیلی فوج کی گولیوں کے باعث دو شہری شہید ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں شہید ہونے والوں کی شناخت محمد ابوبر اور محمد سعید کے نام سے کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی ہلال احمر کے سربراہ احمد جبریل نے بتایا کہ المخفیہ محلے میں صبح سویرے اسرائیلی فورسز کی جانب سے فائر کیے جانے والے آنسو گیس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے چھاپے کے دوران دو فلسطینیوں عزالدین توقان اور ندال تبنجا کو اسرائیلی فورس پر حملے کے الزام کے نتیجے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رواں سال 27 فروری میں حوارا میں ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں دو اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے جبکہ درجنوں کاریں اور مکانات کو نذر آتش کیا گیا تھا جس کے جواب میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے نابلس پر چھاپا مارا گیا۔
گزشتہ سال 11 فروری کو بھی نابلس میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کم از کم 100 سے زائد فلسطینی زخمی اور 11 شہید ہو گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے اس حصے میں جون 2021 سے اپنے فوجی چھاپوں کو تیز کیا ہوا ہے۔
ان چھاپوں کی وجہ سے ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جن میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی جنگجو بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ سال اگست میں محصور غزہ کی پٹی پر تین روزہ حملے کے دوران 17 بچوں سمیت کم از کم 49 دیگر فلسطینیوں کو بھی شہید کیا گیا۔