بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی جلسہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، 10 رکنی جلسہ کمیٹی پی ٹی آئی کے ملک بھر میں جلسوں سے متعلق شیڈول، میڈیا پیغامات، ٹالک شوز، آگاہی مہم اور جلسے میں آنے والی رکاوٹوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: حکومت چاہے جتنا ڈرا لے، عمران خان نے اب جلسہ منسوخ کرنے سے منع کردیا، علیمہ خان
کمیٹی میں ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن، نعیم پنجوتھہ، بیرسٹر سیف، شاہد خٹک، زین قریشی، مہر بانو قریشی، شوکت بسرا، حلیم عادل شیخ، شیخ وقاص اکرم اور کنول شوزب شامل ہیں۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8ستمبر کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اسلام آباد انتظامیہ نے باقاعدہ جلسے کی اجازت بھی دے رکھی ہے۔ اس کے علاوہ اڈیالہ جیل سے عمران خان نے 08 ستمبر کو ہر صورت جلسہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے 22 اگست کو ہونے والا جلسہ منسوخ کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور رہنما تحریک انصاف اعظم خان سواتی نے عمران خان سے ملاقات کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر نہیں، ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا، وزیر دفاع خواجہ آصف
واضح رہے جلسہ منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت کارکنان نے غصے اور ناراضی کا اظہار کیا تھا، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی خوب تنقید کے نشتر چلائے گئے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔