کارساز ٹریفک حادثہ: کیا ملزمہ نتاشا نشے میں تھی، میڈیکل رپورٹ میں کیا انکشاف ہوا؟

بدھ 28 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے کارساز روڈ پرگاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کے جاں بحق ہونے کے کیس میں گرفتار ملزمہ نتاشا دانش کی منشیات استعمال کرنے کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ملزمہ نتاشا کی میڈیکل رپورٹ منشیات استعمال کرنے کے حوالے سے مثبت ہے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق، ملزمہ کے پیشاب کے نمونوں میں آئس منشیات کی موجودگی پائی گئی ہے، تاہم ملزمہ کے خون کے نمونوں میں کوئی نشہ آور چیز نہیں پائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کارساز ٹریفک حادثہ کیس، ’ پتا لگایا جائے خاتون نے کس قسم کا نشہ کر رکھا تھا کہ 2 افراد کی جان لے لی‘

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے نمونوں میں نفسیاتی عارضے کے لیے استعمال کی گئی ادویات کی موجودگی نہیں پائی گئی، ملزمہ نتاشا کی میڈیکل رپورٹ 2 سے 3 دن کے لیے سیل کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئس منشیات کے استعمال سے انسان کا مرکزی اعصابی نظام متاثر ہوجاتا ہے، رپورٹ سامنے آنے کے بعد مقدمے کی دفعات ممکنہ طور پر تبدیل یا اس میں نئی دفعہ شامل کیے جانے کا امکان ہے، مقدمے میں ممکنہ طور پر موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت بھی دفعہ شامل کی جاسکتی ہے۔

کراچی پولیس چیف جاویدعالم کا کارساز حادثے کی ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ سے متعلق کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے، اس لیے زیادہ کھل کر بات نہیں کرنا چاہتا۔کچھ چیزیں سامنےآئی ہیں جوظاہر کرتی ہیں کہ ملزمہ کوگاڑی میں نہیں ہوناچاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیکل اتھارٹیز سےبات کرکےحتمی رائےقائم کرسکیں گے، اس حوالے سےطبی ماہرین کا مؤقف بھی حاصل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ کارساز: ’نتاشا دانش کو انسانی زندگیوں کے ضائع ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں‘

واضح رہے کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر 19 اگست کو ملزمہ نتاشا دانش نے ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار عارف اور ان کی بیٹی آمنہ کو اپنی ایس یو وی کار سے کچل کر ہلاک کردیا تھا۔ ملزمہ کے وکیل نے عدالت میں اپنی مؤکل کو نفسیاتی مریض ثابت کرنے کی کوشش تھی تاہم جناح اسپتال کے شعبہ نفسیات کے سربراہ نے ملزمہ کو نفسیاتی اور دماغی طور پر تندرست قرار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp