پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام کے درمیان سیاسی خلیج میں کمی کے بعد سینیٹ میں تعاون کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، تاہم جے یو آئی سینیٹ کی 2 نشستوں پر پی ٹی آئی کی حمایت کی خواہاں ہے جبکہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی ایک نشست پر حمایت کی باضابطہ پیشکش کرچکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں جماعتوں کے مابین مذاکرات میں ایک ایسی سیاسی ڈیل پر بات چیت جاری ہے جس میں جے یو آئی مبینہ طور پر پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کی حمایت کے لیے سابق حکمراں جماعت سے سینیٹ کی 2 نشستوں کی متقاضی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی جے یو آئی ف کو سینیٹ انتخابات میں حمایت کی پیشکش
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سینیٹ کی نشست پر اپنے قریبی عزیز اور سابق گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کو کامیاب کرانا چاہتے ہیں لیکن ان کی جماعت کے ووٹوں کی مطلوبہ تعداد کم ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2 نشستوں کے مطالبے کے پیش نظر حکمت عملی یہ ہے کہ اس طرح پی ٹی آئی کو ایک نشست پر بھی آمادہ کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’مولانا نے برسوں کی تلخی میں مٹھاس بھر دی‘
پارٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی ایک نشست پر پی ٹی آئی نے جے یو آئی کو حمایت کی باضابطہ پیشکش کردی ہے، تاہم جے یو آئی کی قیادت کی جانب سے اس پیشکش پر تاحال جواب نہیں دیا گیا ہے۔