پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ زینب جمیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے محبت کی شادی کی تھی لیکن گھر والے اس شادی کے حق میں نہیں تھے انہوں نے شادی سے انکار کر دیا تھا۔
قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والی اداکارہ زینب جمیل نے صحتیابی کے بعد ایک یوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی کے حوالے سے گفتگو کی اور اپنے سابق شوہر کی حقیقت کا راز فاش کیا۔
اپنے سابق شوہر سے ملاقات اور شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے زینب نےبتایا کہ یہ ان کی محبت کی شادی تھی، سابق شوہر ان کے لیے کافی سنجیدہ تھے اور شادی کے لیے شیشے میں اتار رہے تھے اور وہ ان کے بارے میں تحقیق بھی نہیں کر سکیں اور ان کے جال میں پھنس گئیں۔
مزید پڑھیں: زینب جمیل پر قاتلانہ حملہ کس نے کرایا؟ سابق ماڈل و اداکارہ کا سنسنی خیز انکشاف
اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ ان کے سابق شوہر پہلے سے شادی شدہ تھے اور اداکارہ کے گھر والوں کو جب یہ بات پتا چلی تو انہوں نے شادی کرنے سے انکار کردیا لیکن یہ انکار میرے اصرار کرنے پر ہاں میں تبدیل ہوگیا۔
زینب نے بتایا کہ شادی کے بعد جب وہ شوٹنگ پر جاتی تھیں تو سابق شوہر بھی ساتھ چلنے کی ضد کرتے تھے، شوٹنگ کا ایک واقعہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار وہ اپنے او ایس ٹی شوٹ پر تھیں جہاں انہیں معروف اداکار کے ساتھ ان کا ہاتھ پکڑ کر ساحل کنارے ایک سین فلمانا تھا اور جب بھی میں وہ مخصوص سین شروع کرتی تھیں تو سابق شوہر دور کھڑے یہ مناظر دیکھ کر رونا شروع کر دیتے تھے۔
اداکارہ کے مطابق یہ مناظر ڈائریکٹر نے بھی محسوس کیے اور کہا کہ میں نے ان سے شادی کرکے خود کو بہت برے جال میں پھنسالیا ہے۔انہوں نے مجھے خبردار کیا اور کہا، ’زینب، تم اس کے ہاتھوں بری طرح پھنس گئی ہو‘۔
اپنے شوہر کے پریشان کن رویے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ شادی کے بعد سابق شوہر نے کہا کہ اپنا کیرئیر چھوڑ کر گھر بیٹھ جاؤں، شوہر نے جینز پہننے پر بھی پابندی لگادی تھی، انہوں نے ایک بار تمام جینز پھینک دینے کو کہا جس پر وہ راضی ہو گئیں اور ان سے وعدہ کیا کہ جینز نہیں پہنوں گی۔
اداکارہ نے بتایا کہ سابق شوہر کی پہلی بیوی مساوی حقوق چاہتی تھیں، اسی لیے پہلے وہ میرے گھر آئی پورا مشاہدہ کیا او پھر ان کے خلاف اپنی چالیں چلانا شروع کردیں اور بعدازاں اس نے میرے شوہر کو میرے ہی خلاف استعمال کیا اور میری ازدواجی زندگی کو تار تار کردیا۔
مزید پڑھیں: زارا نور عباس بیٹی کا چہرہ مداحوں سے کیوں چھپا رہی ہیں؟
زنیب نے بتایا کہ انہوں نے جو بزنس شروع کیا تھا سابق شوہر نے زور دیا کہ میں ان کی پہلی بیوی کو اپنا بزنس پارٹنر بناؤں اور اپنی بیٹی کو ایک اوسط سکول بھیجوں جہاں فیس کم ہو کیونکہ وہ میری بیٹی کی فیس برداشت نہیں کر سکتا تھا۔
واضح رہے کہ سابقہ اداکارہ زینب جمیل پر لاہور کے علاقے ڈیفنس میں دو افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس میں سابقہ اداکارہ کو 6 گولیاں لگی تھیں۔ اداکارہ پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اپنے سیلون سے باہر آرہی تھیں، انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
زینب جمیل نے ہوش میں آنے کے بعد بیان دیا کہ کچھ عرصے سے انہیں فون پر قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور اُن کے سیلون پر بھی دھمکی آمیز خط بھیجا گیا تھا۔انہوں نے اپنے شوہر پر شک کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے مزید یہ بھی کہا تھا کہ اس حملے کے پیچھے اُن کے شوہر بھی ہوسکتے ہیں کیونکہ دونوں کے درمیان اختلافات چل رہے ہیں۔
زینب کا کہنا تھاکہ ان کے شوہر دو ماہ سے انہیں دھمکیاں دے رہے تھے لیکن انہوں نے ان کی سنگینی کو نہیں سمجھا اور سوچا کہ وہ ان کے بچوں کا باپ ہے اور ان کے ساتھ ایسا نہیں کرسکتا اور شاید انہیں صرف ڈرا رہا ہے۔