بحیرہ عرب میں ممکنہ طوفان کے باعث ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری   

جمعرات 29 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

موسمیاتی تغیر کے باعث مون سون کے موسم میں غیر معمولی پیش رفت کا اندازہ لگاتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں ممکنہ طوفان کے باعث ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی رن آف کچھ کے اوپر ہوا کا بہت مضبوط کم دباؤ یعنی ڈیپ ڈپریشن پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران بہت آہستہ آہستہ مغرب اور جنوب مغرب میں منتقل ہوتے ہوئے اب کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 270 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارش کی تباہ کاریاں، سندھ میں 77 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، کئی علاقوں کے لیے وارننگ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق اس نظام کی جنوب مغربی سمت میں پیش قدمی کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو آج رات گئے یا کل صبح تک سندھ کے ساحلی علاقوں کی جانب شمال مشرقی بحیرہ عرب میں پہنچے گا۔ ’سازگار ماحولیاتی حالات، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت اور بالائی سطح کے ڈائیورژن کی وجہ سے، یہ نظام کل تک مزید شدت اختیار کر کے ایک سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔‘

Karachi Division Forecast 29 AUGUST 2024_Eng by Asadullah on Scribd

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز  کے مطابق بحیرہ عرب میں ڈیپ ڈپریشن کا سمندری طوفان بننے کا امکان ہے، سمندری طوفان بننےکی صورت میں اس کانام ’اسنا‘ رکھا جائے گا، ممکنہ سمندری طوفان کا نام پاکستان کا تجویز کردہ ہے، جس کے معنی بلند تر کے ہیں، مون سون میں سمندری طوفان کا بننا بہت غیرمعمولی ہے۔

مزید پڑھیں: موسلا دھار بارشیں، کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ

سائیکلونک طوفان کے ابتدائی طور پر مغرب اور جنوب مغربی سمت بڑھنے کا امکان ہے جس کے زیر اثر کراچی ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو میں 31 اگست تک آندھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ سمندر بہت زیادہ ناہموار رہنے کا خدشہ ہے، اسی ضمن میں ماہی گیروں کو 31 اگست تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طوفان اپنا راستہ کیسے بدلتا ہے اور کراچی اب تک کیسے محفوظ رہا؟

محکمہ موسمیات سائیکلون وارننگ سینٹر اور کراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے، متعلقہ حکام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے ذریعے باخبر رہیں۔

دوسری جانب کراچی، حیدر آباد، بدین، تھرپارکر سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آج دوپہر سے تیز بارش متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کیوں اضافہ ہو رہا ہے؟

ممکنہ سمندری طوفان سے متعلق محکمہ موسمیات کے جاری کردہ الرٹ کے پیش نظر حیدرآباد، بدین اور میرپورخاص سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے 2 روز کےلیے بند کردیے گئے ہیں، بدین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 112 ملی میٹر جبکہ مٹھی میں 77 اور ڈیپلو میں 70ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، دریائے سندھ میں طغیانی سے نوشہرو فیروز کے 10 سے زائد گاؤں میں پانی داخل ہونے کے بعد متاثرین دریاکے پشتوں پر منتقل ہوگئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp