پیرس اولیمپکس میں پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ اپنے ملک کا قومی اعزاز ہلال امتیاز وصول کرکے گولڈ میڈل حاصل کرنے سے بھی زیادہ خوشی ہو رہی ہے، ملک اور قوم نے جو عزت دی اس پر انتہائی شکر گزار ہوں، نیرج چوپڑا کےلیے پیغام ہے کہ وہ مزید محنت کریں۔
‘محنت کریں’ ہلال امتیاز حاصل کرنے کے بعد ارشد ندیم کا نیرج چوپڑا کو پیغام pic.twitter.com/kINvZT7f0q
— WE News (@WENewsPk) August 29, 2024
جمعرات کو صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے قومی ہیرو ارشد ندیم کو تمغۂ ہلال امتیاز سے نوازے جانے کے بعد وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج انہیں پاکستان کے بڑے اعزاز ہلال امتیاز سے نواز گیا، ہلال امتیاز حاصل کرکے گولڈ میڈل حاصل کرنے سے بھی زیادہ خوشی ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت نے اولمپیئن ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کردیا
انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ان کے لیے جتنے بھی انعامات کا اعلان کیا گیا تھا وہ سب مل چکے ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی تک انہیں جتنی بھی انعامی رقم یا تحائف ملے ہیں ان پر کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا گیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم نے مزید کہا کہ مجھے آج ہلال امتیاز سے نوازا گیا، میرے لیے یہ خوشی بہت بڑھ کر ہے، اس کے علاوہ پورے پاکستان سے میری عزت افزائی کی جا رہی ہے اس پر سب کا شکر گزار ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان
بھارت میں اپنے مداحوں کے نام پیغام میں ارشد ندیم نے کہا کہ وہ میرے لیے دعا کریں کہ میں پوری دُنیا میں پاکستان کی عزت و وقار کو بڑھاؤں اور اس کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹوں، اپنے بھارتی ساتھی نیرج چوپڑا کے لیے یہی پیغام ہے کہ وہ مزید محنت کریں۔