مدینہ منورہ میں مقیمین، زائرین اور معتمرین کی سہولت کے لیے وسیع پیمانے پر تعمیراتی کام جاری ہیں۔ حرمِ نبویؐ کے ارد گرد خاص طور پر بہت سے ترقیاتی منصوبے نظر آتے ہیں جو اس شہر کی تاریخی اہمیت اور آثار قدیمہ کو محفوظ رکھتے ہوئے جدیدیت کا نمونہ پیش کر رہے ہیں۔
سعودی حکومت ان منصوبوں کو برق رفتاری کے ساتھ مکمل کرنے میں مصروف ہے تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حرمِ نبویؐ سے منسلک ایک اہم منصوبہ کار پارکنگ کا ہے، جس کا مقصد زائرین کو آسانی سے حرم میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ کار پارکنگ حرم شریف کے نیچے واقع ہے اور جدید ترین آٹومیٹک سسٹم سے لیس ہے۔ زائرین کسی بھی سمت سے حرم تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور کار پارکنگ کے A اور B حصے میں واقع کسی بھی یونٹ میں اپنی گاڑی پارک کر سکتے ہیں۔
پارکنگ کے یونٹس حرم شریف کے تمام اطراف میں موجود ہیں۔ ہر یونٹ میں 184 گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے۔ اس کے بعد زائرین برقی زینے استعمال کرتے ہوئے بہ آسانی حرم شریف تک پہنچ سکتے ہیں۔ واپسی پر، پارکنگ کی فیس کی ادائیگی بار کوڈ کے ذریعے موبائل سے یا خودکار مشین سے کی جا سکتی ہے۔ اس حوالے سے مزید جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں