خیبر پختونخوا کابینہ نے مزدوروں کی کم سے کم اجرت 36000 روپے ماہانہ مقرر کیے جانے سمیت دیگر کئی اہم امور کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ اجلاس نے کم سے کم اجرت کے علاوہ پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے ضلع ٹانک اور لکی مروت کے لیے 791 نئی اسامیاں بھی منظور کیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ گنڈاپور کو فیصل آباد میں پروٹوکول کیوں نہیں دیا گیا؟ کے پی حکومت کا پنجاب حکومت سے شکوہ
علاوہ ازیں دہشتگردی کے کیسوں کی مؤثر پیروی کے لیے خیبر پختونخوا سی ٹی ڈی میں پراسیکیوٹرز کی 16 اسامیوں، پولیس کے لیے 10 مزید بکتر بند گاڑیوں، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قانون کے مسودے، صوبہ بھر میں رحمت العالمین کانفرنسوں کے سرکاری سطح پر انعقاد کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا جیل خانہ جات (ترمیمی) ایکٹ، 2024 میں ترامیم کی منظوری دی ہے جس کے تحت جیل اسٹاف کے لیے ٹریننگ اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ کھلاڑیوں کی بہتر فلاح و بہبود کے لیے خیبر پختونخوا اسپورٹس انڈومنٹ فنڈز کے لیے 500 ملین روپے کی منظوری بھی دی گئی۔
مزید پڑھیے: کے پی کابینہ کی مراعات میں اضافہ، گھروں کے لیے رقم بڑھا کر 2 لاکھ کر دی گئی
کابینہ نے خیبر پختونخوا پیدائش، انتقال، شادی اور طلاق یا شادی کی تحلیل (رجسٹریشن اور سرٹیفیکیشن) کے قواعد 2021 میں ترامیم، کرغزستان سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے دوران ہونے والے 143.59 ملین روپے کے اخراجات اور انجینیئر صاحبزادہ شبیر کے نام کی بطور ممبر انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) خیبر پختونخوا کے لیے 3 سال کی مدت کے لیے منظوری بھی دی۔














