کے پی کابینہ کی مراعات میں اضافہ، گھروں کے لیے رقم بڑھا کر 2 لاکھ کر دی گئی

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کابینہ نے وزرا کی مراعات اور تنخواہوں کے ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

کابینہ ممبران کے لیے گھروں کے کرائے کے لیے رقم 70 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ ماہانہ کر دی گئی ہے۔

بل کا اطلاق ان کابینہ اراکین پر ہوگا جنہیں سرکاری گھر الاٹ نہیں کیے گیے ہین۔ ایسے اراکین کو 2 لاکھ روپے تک گھر کرائے پر لینے کی اجازت ہوگی۔ اس رقم میں یوٹیلٹی بلز بھی شامل ہوں گے ۔

کابینہ ارکان کے گھروں کی تزئین و آرائش کی رقم 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کرنے کی بھی منظور دی گئی ہے۔

صوبائی کابینہ کے 5ویں اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ نے ان وزرا کے لیے جن کا تعلق پشاور سے نہیں اور ان کے پاس سرکاری رہائش گاہ بھی نہیں ہے انہیں کرایے کے مد میں 2 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گھر کے یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی بھی اسی 2 لاکھ میں شامل ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سنہ 2014 سے لیکر اب تک جن وزرا  کے پاس سرکاری رہائش ہوتی تھی ان کی تنخواہ سے  70 ہزار روپے کی کٹوتی ہوتی تھی اور ان وزرا کو جن کے پاس سرکاری رہائش نہیں تھی تنخواہ میں 70 ہزار روپے گھر کے کرایے کے لیے دیے جاتے تھے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ سنہ 2024 میں گھر کے کرایوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور مناسب گھر ڈیڑھ سے 2 لاکھ تک ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزرا کے لیے 2 لاکھ روپے کی منظوری کے بعد وہ اپنے لیے پشاور میں مناسب گھر کرایے پر لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے ضم اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دے دی اور آئندہ 3 سال کے لیے ضم اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے لیے 503 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ضم اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو دی جانے والی رقم خفیہ نہیں اور ڈپٹی کمشنرز کو جاری فنڈز بنک کے ذریعے جاری ہوگی اور اس کی باقاعدہ آڈیٹ بھی ہوگی۔

 انہوں نے بتایا کہ سنہ 2021 سے 24 تک قبائلی اضلاع اور ایف آر کے لیے 1303 ملین روپے ڈپٹی کمشنرز کے لیے مختص کیے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp