چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ساحر شمشاد کا دورہ عمان، فوجی قیادت سے اہم امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا سلطنت عمان کے سرکاری دورے پر مسقط پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اعلیٰ حکام کے ساتھ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عرب نیوز کے مطابق فوج کے میڈیا ونگ نے جمعرات کو بتایا ہے کہ عمان میں ساحر شمشاد مرزا نے سید شہاب بن طارق بن تیمور السید، نائب وزیر اعظم برائے دفاعی امور، جنرل سلطان بن محمد النعمانی، شاہی دفتر کے وزیر، وائس ایڈمرل عبداللہ بن خامس الرئیسی، اسٹاف سلطان آرمڈ فورسز، سروسز چیفس اور اسٹریٹجک اینڈ ڈیفنس اکیڈمی کے چیئرمین سے ملاقاتیں کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ پر عالمی اعتماد کا مظہر، 13ویں بار سی ٹی ایف کی کمان سونپ دی گئی

علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران فریقوں نے فوجی تعاون بشمول تربیت، سلامتی، انسداد دہشتگردی، دفاعی صنعت اور علاقائی سلامتی کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

بیان کے مطابق دونوں اطراف سے فوجی تعاون کو وسعت دینے اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید استوار کرنے کے لیے ایک جیسے خیالات پائے گئے، عمانی فوجی قیادت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں سلطنت عمان کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل(ایس آئی ایف سی) کے تحت زراعت، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی تھی، ایس آئی ایف سی گزشتہ سال پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں خاص طور پر خلیجی ممالک کو راغب کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:مسقط جانے والے 20 غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن میں سے 3 جاں بحق، زندہ کو ایران پہنچا دیا گیا

غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کی کوشش کے ایک حصے کے طور پر، پاکستان نے منگل کو مسقط، عمان میں منعقد ہونے والے پاک عمان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کی تھی۔

کانفرنس میں دونوں اطراف سے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جن میں سیاسی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، سلامتی اور دفاع، ثقافت، صحت اور قونصل امور شامل ہیں۔

‘مشترکہ وزارتی کمیشن کے تحت دونوں فریقین  نے دوطرفہ تجارتی حجم کو مزید بڑھانے اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق سلطنت عمان نے 13-14 اکتوبر کو ہونے والی پہلی پاکستانی بزنس ایکسپو کے لیے بھی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور عمانی شہریوں کو ویزا دینے کے پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp