کراچی اور حیدر آباد میں آج بارش کے باعث تمام اسکول بند رہیں گے

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بارش کے باعث آج کراچی اور حیدر آباد کے تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا، حیدر آباد میں دیگر تعلیمی اداروں کو بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کمشنر کراچی نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور طوفان کے الرٹ کے بعد یہ فیصلہ محکمہ موسمیات، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہے، جس کے باعث کراچی میں آج تمام سرکاری اور نجی اسکول بند کردیے گئے ہیں، حیدر آباد میں بھی تمام تعلیمی اداروں کو چھٹی دے دی گئی ہے، گزشتہ روز بھی حیدرآباد میں تعلیمی ادارے بند تھے۔

مزید پڑھیں: موسلا دھار بارشیں، کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ

اس کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع سانگھڑ، نواب شاہ، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں پہلے ہی تعلیمی ادارے آج اور کل بند رکھنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں جن میں آزاد کشمیر شامل ہے میں بارشوں کے باعث سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں مون سون بارشیں جاری، نشیبی علاقے زیرآب، متعدد شاہراہیں بند

خیال رہے صوبہ سندھ مون سون سسٹم کی لپیٹ میں ہے اور سمندری طوفان کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سندھ کی ساحلی پٹی تک سمندری طوفان بننے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ جو کراچی سمیت دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp