راولپنڈی: دوسرے پاک بنگلہ ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث منسوخ

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی میں آج ہونے والے دوسرے پاکستان، بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی نہیں کیا جا سکا۔ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونا تھا ، تاہم تاہم بارش کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل بنا ٹاس کیے منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو بنگال ٹائیگرز نے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو 0-1 کی سبقت حاصل ہے۔

دوسرا ٹیسٹ میچ آج دن 10 بجے شروع ہونا تھا مگر بارش کی وجہ سے بروقت ٹاس نہیں ہوسکا ہے اور مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث راولپنڈی ٹیسٹ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں صبح سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ میچ کے پہلے روز دوپہر تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسٹیڈیم کی بیشتر آؤٹ فیلڈ پر پانی جمع ہے، گراؤنڈزمین کچھ دیر تک آؤٹ فیلڈ کو سکھانے کا کام شروع کریں گے۔ پچ کو مکمل ڈھانپ دیا گیا ہے اور بارش رکنے پر پچ کی تیاری کے لیے رولر استعمال کیا جائے گا۔

اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ اِن، شاہین شاہ آفریدی آؤٹ

گزشتہ روز ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے پریس کانفرنس میں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے لیے اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو میچ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان بنگلہ دیش دوسرا ٹیسٹ میچ، پی سی بی کا طلبا کے لیے اسٹیڈیم میں مفت داخلے کا اعلان

ٹیسٹ اسکواڈ میں شان مسعود، سعود شکیل، ابرار احمد، محمد علی، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ جیس گلیسپی کے مطابق اعلان کردہ 12 کھلاڑیوں میں پلیئنگ الیون کون ہوں گے اس کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

بنگلہ دیش کی پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست

2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 30 رنز کے ہدف کو بنگلہ دیش نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا تھا۔ یہ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی جیت ہے۔

مزید پڑھیں:آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی تنزلی، محمد رضوان کی پوزیشن بہتر

بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں ذاکر حسین نے 15 اور شادمان اسلام نے 9 رنز بنائے۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے پانچویں دن دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 51، عبداللہ شفیق نے 37 اور بابر اعظم نے 22 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 4، شکیب الحسن نے 3 اور شوریفُل اسلام نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئنز شپ کا حصہ ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ کی فاتح ٹیم ہی برقرار رکھی جائے گی۔ نجم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمار داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن میراز، شوریفُل اسلام، حسن محمود اور ناہید رانا شامل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp