وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو جدید خطوط ہر تعلیم سے آراستہ کرنے کے مشن کا آغاز کرتے ہوئے منتخب اسکولوں میں ماہر اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی سیکریٹری تعلیم کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے 23 اسکولوں میں جدید تعلیم کی فراہمی کے لیے وزارتِ تعلیم نے نجی ادارے کے اشتراک سے ماہر اساتذہ کی بھرتیاں شروع کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد کے اسکولوں میں بچوں کو فری لنچ فراہم کیا جائے گا، وفاقی سیکریٹری تعلیم
وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی کے مطابق حکومت نجی اداروں کے اشتراک سے تعلیم میں جدت متعارف کرارہی ہے اور اس ضمن میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے 23 اسکولوں میں 120 ماہر اساتذہ کو بھرتی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی سیکریٹری تعلیم نے غیر سرکاری تنظیم کارانداز پاکستان کے ساتھ اساتذہ کی تربیت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مالیات سے متعلق علمی و تعلیمی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
مزید پڑھیں:خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے اسلام آباد میں 16 آئی ٹی لیب کے قیام کا فیصلہ
مذکورہ معاہدے کے تحت کارانداز ملک بھر میں وفاق کے زیر انتظام 340 سے زائد اسکولوں کے 3 ہزار سے زائد اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گی جس سے 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد طلبا مستفید ہوں گے۔
وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے اس اقدام کا مقصد مالی ذمہ داری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو عالمی معیشت سے مسابقت پیدا کرنے کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔