’جہاں پانی نہیں وہاں کی ویڈیو بنانا چھوڑ دیں‘، میئر کراچی کو ویڈیو شیئر کرنا مہنگا پڑگیا

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں گاڑی میں سفر کرتے دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ یہ نرسری فرنیچر مارکیٹ کا وہ مقام ہے جہاں ہمیشہ پانی کھڑا ہوتا تھا لیکن اب کی بار ایسا نہیں ہوا، ساتھ ہی انہوں نے اس کا کریڈٹ بلدیاتی کارکنان کو دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ انہوں نے بہت اچھا کام کیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کے ویڈیو اپلوڈ کرنے کی دیر تھی کہ صارفین نے ان پر تنقید کے تیر چلا دیے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب ہر اس جگہ کی ویڈیو بناتے ہیں جہاں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔

ہاشمیات نامی صارف نے مرتضیٰ وہاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ سڑکوں پر چلتے رہتے ہیں کبھی سڑک سے متصل سروس روڈز اور گلیوں کو بھی دیکھ لیجیے۔ بارش کے بعد وہ سب تالاب بنے ہوئے ہیں، صارف نے سوال کیا کہ ان کو کلیئر کرنا کس کی ذمہ داری ہے؟

عبید نامی صارف نے لکھتے کہ مرتضیٰ وہاب شاید ڈیفنس اور دیگر پوش علاقوں کے میئر ہیں وہ اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، کٹی پہاڑی یا پھرتین ہٹی کیوں نہیں جاتے؟

ایک ایکس صارف نے مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں پانی نہیں ہے وہاں کی ویڈیو بنا کر سب اچھے کی رپورٹ دینا چھوڑ دیں اور اپنے کام پر توجہ دیں۔

جہاں کئی صارفین میئر کراچی پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں جیالے ان کے حق میں سامنے آ گئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کراچی میں آج جتنی بارش ہوئی ہے لگ رہا تھا کہ یہاں پانی کھڑا ہوجائے گا لیکن وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ کہیں بھی پانی کھڑا نہیں ہوا، انہوں نے مرتضیٰ وہاب اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا بحیثیت شہری وہ میئر کراچی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

ایک ایکس صارف نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ یہ آپ کی محنت اور لگن سے ممکن ہوا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے بعد سڑکیں کلیئر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp