واٹس ایپ ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے تحت صارفین اپنا فون نمبر ظاہر کیے بغیر چیٹ کر سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کی پرائیویسی اور میسجنگ کے تجربے کو بہتر بنانا ہے، اس فیچر سے پلیٹ فارم پر پرائیویسی کے فیچر میں ایک نیا اضافہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:ویڈیو رابطے کو آسان بنانے کے لیے واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف
میٹا کی جانب سے جاری نئے فیچر سے متعلق مزید کہا گیا ہے کہ اس نئے فیچر میں صارف کا فون نمبر ڈسپلے نہیں ہو گا بلکہ اس شخص کا نام اس صارف کو نظر آئے گا جس کے ساتھ وہ چیٹ کر رہا ہو گا، یہ ایک ایسی خصوصیت والا فیچر ہے جسے ٹیلی گرام جیسے پلیٹ فارم پہلے ہی کامیابی کے ساتھ لاگو کر چکے ہیں۔
میسجنگ پلیٹ فارم نے اینڈروئیڈ کے لیے واٹس ایپ بیٹا کا 2.24.18.2 ورژن بھی جاری کیا ہے تاہم فی الحال اسے آزمائشی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے۔ آزمائش کا دورانیہ ختم ہو جانے کے بعد اسے مکمل طور پر صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا جس کا نیا فیچر صارفین کو ایک منفرد شناخت کی سہولت فراہم کرے گا جو ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں:واٹس ایپ چیٹ سے ڈیلیٹ کیا گیا میسج کیسے واپس آسکتا ہے؟
اس فیچر میں مزید یہ بھی سہولت دی گئی ہے کہ واٹس ایپ صارفین فون نمبروں کو ظاہر کیے بغیر اپنی گفتگو کو دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔
ان صارفین کے لیے جن کے پاس پہلے سے ہی ایک دوسرے کے فون نمبرز موبائل میں محفوظ ہیں، ان کے پاس چیٹ کرتے ہوئے فون نمبر اب بھی نظر آئے گا۔
واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں ایک اور خصوصیت یہ دی جا رہی ہے کہ صارفین کے لیے ایک پن کوڈ (کم از کم چار ہندسوں) بھی رکھنے کی سہولت دی جا رہی ہے جو اسپام پیغامات کو بھی روکنے میں مدد دے گا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ’صارف نام ‘کا یہ فیچر یا پن سپورٹ بیٹا ورژن کب صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا تاہم متعدد رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ میٹا کا میسجنگ پلیٹ فارم اس سال کے اختتام سے پہلے اس فیچر کو لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں واٹس ایپ کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟
اس سے قبل رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ واٹس ایپ ایک نیا فیچر تیار کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین انسٹاگرام کے فیچر کی طرح اسٹیٹس اپ ڈیٹس کو ری شیئر کر سکیں گے۔
فی الحال تیار کیا جانے والا یہ فیچر اسٹیٹس اپ ڈیٹس شیئر کرنے کے عمل کو آسان بنائے گا جہاں صارفین ایک دوسرے کو ٹیگ کر سکیں گے، اس سے رابطوں کے ساتھ مواد شیئر کرنا آسان ہوجائے گا۔