وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز میں وہ ان کی سرپرستی کریں۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے آج وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اچانک پہنچ گئے اور ان سے ملاقات کی۔ جمعہ کو ہونے والی اس ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا’ ہماری خواہش ہے کہ آپ دوبارہ ہماری سرپرستی کریں۔ جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم تو وہیں کھڑے ہیں جہاں پہلے تھے، آپ نے راستہ بدل لیا۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے اپنی جماعت سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا وعدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:نوازشریف اور زرداری سے بات کرنے کو تیار ہوں، فضل الرحمان کا پی ٹی آئی سے مذاکرات ٹوٹنے کا اشارہ
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری بھی مولانا فضل الرحمان کے گھر آئے تھے اور ان سے ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔ صدر مملکت نے مولانا فضل الرحمان سے اسمبلی کے اندر اور اسمبلی سے باہر حکومتی پالیسیوں کو جاری رکھنے کے لیے تعاون مانگا تھا، اس پر مولانا فضل الرحمان نے صدر مملکت کو کوئی مثبت جواب نہیں دیا تھا۔
مزید پڑھیں:صدر مملکت آصف زرداری مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گئے، اہم ملاقات
مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے جے یو آئی سربراہ کی خیریت دریافت کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ سید محسن رضا نقوی اور وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑبھی موجود تھے۔
جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری ،مولانا اسعد محمود ،محمد اسلم غوری ،مولانا عبید الرحمان اور غلام علی، مولانا جمال الدین ،مفتی ابرار احمد ،جلال الدین ایڈوکیٹ نے بھی ملاقات کے دوران وہاں موجود رہے۔