خیبرپختونخوا میں سینکڑوں نئے پولیس افسران کی بھرتیوں کی منظوری

ہفتہ 31 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ نے وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور کی قیادت میں، گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا پولیس کی کامیاب کارروائی، قیمتی نوادرات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ٹانک اور لکی مروت کے اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کابینہ نے 791 نئی آسامیاں بنانے کی منظوری دی ہے۔

پراسیکیوٹر کی اسامیاں

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں پراسیکیوٹر کی 16 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے تاکہ دہشت گردی کے مقدمات کی کارروائی کو بہتر بنایا جا سکے۔

کابینہ نے پولیس فورس کے لیے 10 اضافی بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کی بھی منظوری دی۔

سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قانون

ایک اہم پیش رفت کے طور پر کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایک مسودہ قانون کی منظوری بھی دی ہے۔ یہ قانون بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک جامع طریقہ کار کے طور متعارف کرایا گیا ہے، جس میں ایک مربوط شکایات کے ازالے کا نظام بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 5 دہشتگرد ہلاک کردیے، پولیس اہلکار شہید

وزیر اعلیٰ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی قیادت کریں گے جو اس قانون پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔

رحمت للعالمینؐ کانفرنسز

علاوہ ازیں کابینہ نے صوبے بھر میں سرکاری سطح پر رحمت للعالمینؐ کانفرنسز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر منعقد ہونے والی ان کانفرنسوں میں نعت خوانی اور تلاوت کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات پر خصوصی نشستیں ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp