جماعت اسلامی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گوادر سی پیک کے ماتھے کا جھومر ہے لیکن گزشتہ کئی ہفتوں سے بجلی محروم ہے، 20 سال تک ہمیں دھوکا دیا گیا، گوادر کے تمام وسائل باہرخرچ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ’سیو غزہ‘ مارچ کرنے پر جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد اسلام آباد سے گرفتار
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ گوادر میں بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے لیکن نوٹس لینے والا کوئی نہیں، 200 سے 250 ارب روپے کی مچھلی ٹرالر کے ذریعے چوری کی جاتی ہے، بلوچستان مسائل سے دوچار ہے،حکومت نے بارڈر بند کرکے بے روزگاری کی شرح میں اضافہ کیا ہے۔
رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان جل رہا اور یہاں کے عوام سڑکوں پر مر رہے ہیں۔ ’ گوادر کا حقیقی نمائندہ ہوں فارم 47 کی پیداوار نہیں، اپنی قوم کا نمائندہ ہوں کسی سے بھیک مانگ پر ایم پی اے منتخب نہیں ہوا۔‘
یہ بھی پڑھیں: مولانا ہدایت الرحمان کا بلوچستان حکومت سے علیحدگی کا اعلان
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن قائم ہوتا نہیں لیکن محکمہ صحت اور تعلیم میں مداخلت ضرور ہوسکتی ہے، کسی کو اجازت نہیں کہ وہ گوادرمیں خواتین کے تعلیمی اداروں میں مداخلت کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 ستمبر کو کوسٹل ہائی وے پرغیر معینہ مدت تک دھرنا ہوگا، وزیراعظم نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر جماعت اسلامی کو چھوڑ کر سب کو دعوت دی۔