سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام سیاسی قیادت، حکومت اور اداروں کو مل بیٹھ کر فیصلے کرنے تجویز دی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس لاہور میں ہوا، وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کے ریلیف کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات پر پارٹی سربراہ کو بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے وفاق اور پنجاب کو اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف دینے کا کہا ہے، احسن اقبال
وزیراعظم شہبازشریف نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر بھی پارٹی صدر کو اعتماد میں لیا۔
‘عوامی ریلیف کے لیے مالی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے’
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ خساروں کے شکار اداروں سے نجات کے ذریعے عوامی ریلیف کے لیے مالی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے، عوام کو ریلیف کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے بھی پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے اقدامات پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا، نوازشریف نے وفاقی حکومت کے 50 ارب اور پنجاب حکومت کے 46 ارب کے عوامی ریلیف کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور اُن کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔
“پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا لاہور میں اہم مشاورتی اجلاس”
🔸پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا بڑا سیاسی فیصلہ
🔸عوام کو ریلیف دینے کے لئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں ، حکومتوں اور اداروں کو مل کر فیصلے کرنے کی تجویز… pic.twitter.com/JoCMZlxoUn
— PMLN (@pmln_org) August 31, 2024
اجلاس میں نواز شریف نےعوام کو ریلیف دینے کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں، حکومتوں اور اداروں کو مل کر فیصلے کرنے کی تجویز دی۔
نواز شریف نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اخراجات میں کٹوتی اور بچت سے عوام کے ریلیف کے لیے وسائل مہیا کریں، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام سیاسی اور حکومتی قیادت اور اداروں کے مل بیٹھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف ملکی سیاست میں بہت اہم اور مثبت کردار ادا کرنے جارہے ہیں، عرفان صدیقی
نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف مشکل معاشی حالات میں نہایت محنت، جذبے اور بھرپور صلاحیت سے پرخلوص کام کررہے ہیں،چاہتا ہوں کہ پاکستان کے ہرشہری کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے، مریم نواز اور اُن کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔