وفاقی تحقیقاتی ایجسنی (ایف آئی اے) نے جعلی دستاویزات کے ساتھ متحدہ عرب امارات سے پاکستان آنے والے مسافر کو کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار، 187 پاکستانی پاسپورٹ برآمد
ہفتہ کے روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے جعلی سفری دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک سے پاکستان آنے والے ایک مسافر گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت محمد خالد کے نام سے ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق مبینہ ملزم کا تعلق ضلع قصور سے ہے جو فلائٹ نمبر EY 200 کے ذریعے ابو ظہبی سے کراچی پہنچا تھا، مبینہ ملزم کے پاسپورٹ پر امریکا کا جعلی ویزا لگا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی ایئرپورٹ پر مسافر کے موبائل سے 40 سے زائد ویزے برآمد
ایف آئی کے مطابق ملزم کا پاسپورٹ ٹمپرڈ شدہ ہے جب کہ پاسپورٹ متعدد جگہوں سے پھٹا ہوا بھی تھا، مبینہ ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات میں اپنے قیام کے دوران وہاں سندیپ نامی ایک ایجنٹ سے مذکورہ جعلی ویزا حاصل کیا ہے۔
مینہ ملزم نے یہ بھی بتایا کہ سندیپ نامی ایجنٹ کو اس نے اس ویزے کے لیے مجموعی طور پر 17000 درہم ادا کیے۔ ایف آئی اے نے ابتدائی تفتیش کے بعد مبینہ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔