راولپنڈی دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پھر لڑکھڑا گئی، بنگلہ دیش کیخلاف 9 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ

اتوار 1 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے، کھیل کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کے آغاز میں ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر محض 9 رنز اسکور کیے ہیں۔

اتوار کو روالپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگزکا آغاز کیا تو اس کی ابتدائی وکٹ ہی محض 7رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب عبداللہ شفیق محض 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ 9 کے مجموعی اسکور پر گری جب خرم شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، پاکستان پیر کو کھیل کے چوتھے روز اپنی اننگز کا آغاز 9 وکٹوں کے ساتھ کرے گا۔

اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں لٹن داس کی شاندار سینچری کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی، کھیل کے آغاز میں ہی بنگلہ دیش کے 6 کھلاڑی محض 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے، تاہم لٹن داس  اور مہدی حسن میراز نے پاکستانی بولرز کو بے بس کر کے رکھ دیا اور ٹیم کا مجموعی اسکور 262 پر پہنچا دیا، لٹن داس نے شاندار 138 جب کہ مہدی حسن میراز نے شاندار 78 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر خرم شہزاد نے بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی، انہوں نے 6 بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ امیر حمزہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اتوار کو کھیل کے تیسرے دن بنگلہ دیش نے پاکستان کے 274 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز 10 رنز سے کیا لیکن پاکستانی پیسر خرم شہزاد اور میر حمزہ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن شروع میں ہی لڑکھڑا گئی اور ان کے صرف 26 رنز پر ہی 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، تاہم بنگلہ دیشی بیٹنگ کو لٹن داس اور مہدی حسن میراز نے سہارا دیا۔

14 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیشی اوپنر ذاکر حسن 16 گیندوں پر ایک رن بنا کر پاکستانی بولر خرم شہزاد کی بال پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دیگر 2 بنگلہ دیشی بیٹرز بھی فاسٹ بولر خرم شہزاد کا شکار بنے۔ اوپنر شادمان اسلام 23 گیندوں پر 10 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہوئے، ون ڈاؤن آنے والے بنگلہ دیشی بیٹر نجم الحسین شانتو کو بھی خرم شہزاد نے بولڈ کیا، وہ 6 گیندوں پر 4 رنز بناسکے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: دوسرے پاک بنگلہ ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث منسوخ

بنگلہ دیشی بیٹر مومن الحق 2 گیندوں پر ایک رن بنا کر میر حمزہ کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، بنگلہ دیش کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے جو 9 گیندوں پر 3 رنز بنا کر میر حمزہ کی بال پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی اپنی ٹیم کے لیے کچھ نہ کر پائے اور صرف 10 گیندوں پر 2 رنز بناسکے، انہیں خرم شہزاد نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

بعدازاں، لٹن داس اور مہدی حسن میراز نے بنگلہ دیشی بیٹنگ کو سہارا دیا اور  نہایت ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سینچریاں اسکور کیں 165 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ تاہم 191 کے مجموعی اسکور پر مہدی حسن میراز پاکستانی پیسر خرم شہزاد کی بال پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بنگلہ دیش کے نویں نمبر پر آنے والے کھلاڑی تسکین احمد بھی کریز پر نہ ٹک سکے اور 5 گیندیں کھیل کر صرف ایک رن بناسکے۔ انہیں بھی پاکستانی پیسر خرم شہزاد نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

کل میچ کے دوسرے روز پاکستان  کی پوری ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جب کہ دوسرے روز کے اختتام تک بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنائے تھے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہو گیا تھا تاہم میچ کے دوسرے روز مہمان بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستان کے پاس 2 میچوں کی سیریز برابر کرنے کے لیے اب صرف 3 دن باقی رہ گئے ہیں جبکہ پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 274 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ہے۔

پاکستان کے خلاف 14 ٹیسٹ میچوں میں پہلی بار فتح حاصل کرنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم نے فاسٹ بولر تسکین احمد کو ان فٹ شرف اسلام کی جگہ ٹیم میں شامل کیا تھا۔

پاکستان نے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا ہے جبکہ  فاسٹ بولر میر حمزہ اور اسپنر ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ ہی صفر پر گر گئی جب عبداللہ شفیق بغیر کوئی رنز بنائے بولڈ ہو گئے، دوسری وکٹ 107 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان شان مسعود 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ بھی جلد ہی 122 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب صائم ایوب 58 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 151 کے مجموعی اسکور پر گری جب سعود شکیل صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ 179 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابراعظم 31 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہو گئے، چھٹی وکٹ 211 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان 29 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 236 کے مجموعی اسکور پر گری جب خرم شہزاد 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، آٹھویں وکٹ 246 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ 274 کے مجموعی اسکور پر گری جب سلمان آغا شاندار 54 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئے، دسویں وکٹ بھی 274 رنز پرہی گر گئی جب ابرار احمد 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، میر حمزہ نے کوئی رنز اسکور نہیں کیا اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب ترین بولر مہدی حسن میراز رہے، انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرے کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کرکٹ کیرئیر کی شاندار 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ تسکین احمد نے 3 اور ناہید رانا اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونا تھا ،تاہم بارش کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل بنا ٹاس کیے منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو بنگال ٹائیگرز نے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو ایک ۔ صفر سے برتری حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان شان مسعود نے کیا کہا؟

آج میچ شروع ہونے سے قبل ہی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے گراؤنڈز مین نے آؤٹ فیلڈ سکھانے کا کام ختم کرلیا تھا، گراؤنڈز مین نے کل بارش رکنے کے بعد ہی آؤٹ فیلڈ سکھانے کا کام شروع کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے سپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو میچ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ٹیسٹ سکواڈ میں شان مسعود، سعود شکیل، ابرار احمد، محمد علی، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان، عبداللہ شفیق اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کی پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست

2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 30 رنز کے ہدف کو بنگلہ دیش نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا تھا۔ یہ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی جیت ہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں ذاکر حسین نے 15 اور شادمان اسلام نے 9 رنز بنائے۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے پانچویں دن دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 51، عبداللہ شفیق نے 37 اور بابر اعظم نے 22 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 4، شکیب الحسن نے 3 اور شوریفُل اسلام نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئنز شپ کا حصہ ہے۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیش کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ٹیم میں نجم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمار داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن میراز، حسن محمود اور ناہید رانا شامل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp