ایف آئی اے امیگریشن اور نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول نے لاہور ایئرپورٹ پر مشترکہ کارروائی میں خطرناک اشتہاری ملزم کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ 16 سال سے گوجرانوالہ پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم فہد محمود نے لاہور ایئرپورٹ سے یونان فرار ہونے کی کوشش کی، جہاں اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کی کارروائی: غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار، لاکھوں روپے برآمد
ملزم فہد محمود کے خلاف سال 2008 میں گوجرانوالہ کے تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج ہوا تھا، ایف آئی اے نے این سی بی انٹرپول کے ساتھ مل کر ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم فہد محمود کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد کی ایف آئی اے امیگریشن لاہور کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
قتل کے 16 برس پرانے مقدمہ میں مطلوب ملزم فہد محمود کو ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا ہے۔