مدینہ منورہ میں 2024 کا بین الاقوامی کتب میلہ 29 اگست کو شروع ہوا اور 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس میلے کا اہتمام ادب وادیب ایسوسی ایشن نے سعودی وزارتِ ثقافت کے زیر انتظام کیا ہے، اور اس کا عنوان ’کتاب زندگی کی کھڑکی‘ ہے۔ کتابوں کا یہ میلہ اسلامی یونیورسٹی مدینہ کے احاطے میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں 160 سے زائد ملکی اور غیر ملکی پبلشرز، 10 سعودی جامعات، 7 ثقافتی مراکز اور 15 سے زیادہ فلاحی تنظیمیں شرکت کررہی ہیں۔
یہ کتب میلہ علم وادب کے شائقین کے لیے ایک خوشگوار موقع ہے، جہاں کتابوں کی خوشبو اور علم کی روشنی ہر طرف بکھری ہوئی ہے۔ جامعہ کے طلبہ سے لے کر مدینہ کی عوام تک ہر کوئی یہاں اپنے پسندیدہ موضوعات پر مبنی کتب کی تلاش میں مصروف نظر آتا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی ادیب: ڈاکٹر غازی عبد الرحمن القصیبی
اس میلے میں کتب کا تنوع ایسا ہے کہ دینی کتابوں کے علاوہ مختلف پبلشرز کے بوتھوں پر عربی ادب کی داستانیں، ناول، تاریخی اور ثقافتی کتابیں بھی موجود ہیں۔ ہر کتاب بین اپنے ذوق کے مطابق مواد تلاش کرتا ہے اور جب کوئی دلچسپ کتاب ہاتھ میں آتی ہے، تو اس کی آنکھوں میں ایک خاص چمک آجاتی ہے۔
کتب میلہ کا مقصد مختلف علوم و فنون پر مبنی کتب اور اشاعتوں کو فروغ دینا، علمی و ثقافتی سیمینار، لیکچرز، اور ورکشاپس کا انعقاد کرنا ہے اور مطالعے کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ثقافت اور قومی شناخت کی وابستگی کو تقویت دینا ہے۔
کتابوں کے اس میلے نے مدینہ منورہ کے عوام اور طلبا کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جہاں وہ علم کے خزانے میں سے اپنے لیے قیمتی جواہرات چن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس کس سعودی ثقافتی عنصر کے نام موسوم کیا گیا ہے؟
یاد رہے کہ ادب و ادیب ایسوسی ایشن، مدینہ منورہ کی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو وزارت ثقافت کے زیر نگرانی نومبر 2021 میں قائم کی گئی تھی، اور اس کا مقصد معاشرے میں ادب اور تخلیق کو فروغ دینا، ادبی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور ترقی کرنا، اس کے ساتھ ساتھ ادبی مقابلوں اور پروگراموں کا انعقاد کرنا ہے۔
واضح رہے اس میلے کے انعقاد سے یہ تنظیم اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مدینہ منورہ کی علمی و ثقافتی زندگی میں ایک نیا باب رقم کر رہی ہے۔