ان دنوں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے، یوں وہ امریکی تاریخ کے پہلے صدر ہیں جنہیں اس قسم کے مقدمہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سابق امریکی صدر اور 2024 کےصدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ آج عدالت میں پیش ہوں گے۔ ان پر آج باضابطہ طور پر فرد جرم عائد کر دی جائے گی۔
نیویارک سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے فنگر پرنٹس کے ساتھ ایک مگ شاٹ لیا جائے گا جس کے بعد ممکن ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرفتار کرلیا جائے یا یہ بھی ممکن ہے کہ انہیں رہا کر دیا جائے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ منگل کو جج کے سامنے پیش ہوں گے جہاں ٹرمپ کے خلاف الزامات کو کھلی عدالت میں پڑھ کر سنایا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو کن الزامات کا سامنا ہے ؟؟
ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام ہے کہ ان کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے مبینہ طور پر 2016 کے انتخابات سے قبل فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو رقم دی تھی تاکہ وہ ان سے اپنے تعلق پر خاموش رہے۔
دوسری جانب اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلزنے اعتراف کیا ہے کہ اس کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ 2006 میں جنسی تعلق تھا اسی لیے ٹرمپ نے انہیں خاموش رہنے کے لیے رقم دی تھی۔