نواز شریف نے حمزہ شہباز کو پنجاب میں دوبارہ متحرک ہونے کی ہدایت کردی؟

منگل 3 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ممتاز کالم نگار عبدالقادر حسن مرحوم جنرل مشرف کے زمانے میں حمزہ شہباز کی جیل کی زندگی کا تذکرہ دلچسپ طریقے سے کیا کرتے تھے۔ انہوں نے ایک بار لکھا کہ کوٹ لکھپت جیل کی کوٹھڑی سے ایک لڑکے کی تلاوت کی آواز بلند ہوتی ہے۔ اس آواز میں اتنا سوز و گداز ہے کہ لوگ اس کھوٹھڑی کے گرد کھڑے جھومتے پائے جاتے ہیں۔

عبدالقادر حسن کے اس قسم کے جملوں نے اپنے خاندان کی عزت اور سیاست کے لیے قربانی دینے والے اس نوجوان کی شہرت اور بہادری کے قصے دور دور تک پہنچا دیے۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز شریف پارٹی سے کیوں ناراض ہیں؟

شریف خاندان میں کوئی ایسا نہیں جس نے مقدمات کا سامنا نہ کیا ہو اور جیلیں نہ کاٹی ہوں لیکن شریف خاندان میں حمزہ شہباز وہ پہلے اور واحد شخص ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ جیلیں کاٹیں اور سب سے زیادہ قربانی دی۔

جنرل پرویز مشرف کے زمانے میں شریف خاندان کو سعودی عرب جلا وطن کیا گیا۔ شریف خاندان کے لیے وہ وقت یقیناً مشکل تھا لیکن حمزہ شہباز کے لیے زیادہ مشکل تھا۔ وہ پاکستان میں تن تنہا تھے اور وہ بھی جنرل پرویز مشرف جیسے ڈکٹیٹر کی حکومت میں، جو اس خاندان کی سیاست اور کاروبار دونوں کا خاتمہ کرنے کے درپے تھے۔

ان مشکل دنوں میں انہوں نے کاروبار اور جائیداد کی نگرانی بھی کی اور جیل بھی کاٹی۔ نواز شریف اپنی تقریروں میں کہا کرتے تھے کہ حمزہ شہباز میرا جانشین ہے، حمزہ شہباز جب 2022 میں تقریباً اڑھائی ماہ کے لیے وزیر اعلیٰ بنے اور پھر وزرات اعلیٰ کا الیکشن دوبارہ ہار گئے تو نواز شریف، حمزہ شہباز کی سیاسی بصیرت کے اوپر کافی ناراض رہے۔

یہ پڑھیں: ایک شخص کے لیے آئین کو ری رائٹ کیا جا رہا ہے، حمزہ شہباز شریف

اسی وجہ سے حمزہ شہباز ابھی تک پارٹی کے لیے کسی کام میں زیادہ ایکٹو بھی نظر نہیں آئے، لیکن اب دوبارہ نواز شریف نے حمزہ شہباز کو پنجاب کی سیاست میں متحرک ہونے کی ہدایت کی ہے۔

پارٹی کو یونین کونسل لیول تک متحرک کرو

پچھلے دنوں مسلم لیگ ن کے ہونے والے اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت دیگر سینئر رہنماوں نے شرکت کی۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس میں پارٹی کے صدر میاں نواز شریف نے حمزہ شہباز کو مخاطب ہو کرکہا کہ تمہیں دوبارہ اپنے آپ کو متحرک کرنا ہوگا۔

’تمہارا متحرک ہونا پارٹی کے لیے بہت ضروری ہے، اس لیے اب تم پنجاب کے تمام اضلاع کے پارٹی نمائندوں سے ملاقاتیں کرو، ان اضلاع میں جاؤ جہاں پر ہمارا کارکن ناراض ہے، خصوصاً لاہور پر اپنی توجہ مرکوز کرو‘۔

انہوں نے کہا کہ 2024 کے الیکشن میں ہمیں وہ رزلٹ نہیں ملے جو ن لیگ کو ماضی میں لاہور سے ملتے رہے ہیں، لہذا بلدیاتی الیکشن سے پہلے یونین کونسل تک پارٹی کے لوگوں سے ملاقاتیں کرو تاکے آنے والے بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ پنجاب سے کامیاب ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز عید کے بعد وفاقی حکومت کا حصہ بنیں گے؟

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے واضح ہدایت دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حمزہ شہباز کی پارٹی کے لیے بہت قربانیاں ہیں، اگرچہ اس کا طرز سیاست مجھے سے مختلف ہے لیکن اس میں بندے کو قائل کرنے کی صلاحیت ہے۔ اگر حمزہ شہباز اور مریم نواز مل کر چیزوں کو دیکھیں گے تو یہ پارٹی کے لیے اچھا ہوگا۔

اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے بھی اس بات پر اتفاق کیا، اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی میاں نواز شریف بھی پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور ان اضلاع میں جائیں گے جو حمزہ شہباز تجویز کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp