بالی ووڈ اداکارہ حنا خان نے پانچویں کیموتھیراپی مکمل ہونے پر مداحوں کے نام کیا جذباتی پیغام دیا؟

بدھ 4 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی  اداکارہ حنا خان نے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنے حوصلے اور یقین سے مداحوں کے دل جیت لیے۔

حنا خان کینسر جیسے مرض کے مشکل ترین اور دردناک علاج کے حوالے سے اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کر رہی ہیں، فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حنا خان نے حال ہی میں ایک پوسٹ شیئر کی جس میں زندگی کی اپڈیٹ دیتے ہوئے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ پانچویں کیموتھیراپی کے مرحلے سے بھی گزر گئی ہیں اور ساتھ ہی دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کینسر کا شکار حنا خان کے بال کٹوانے پر والدہ رو پڑیں، ویڈیو وائرل

حنا خان نے مداحوں سے شیئر کیا کہ وہ جانتی ہیں کہ کبھی کبھار وہ منظر سے غائب ہو جاتی ہیں اور ان کے مداح پریشان ہو جاتے ہیں لیکن وہ ٹھیک ہیں اور ان کی پانچ کیمو تھیراپی ہو چکی ہیں، مزید تین ابھی باقی ہیں۔

ویڈیو کلپ میں اداکارہ حنا خان کے ہنستے ہوئے چہرے پر اداسی کے تاثرات واضح تھے، اگرچہ وہ سب اچھا کی رپورٹ دے رہی تھیں لیکن وہ جس انداز میں یہ بات کہہ رہی تھیں، اس سے دیکھنے والوں کو بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کس کرب سے گزر رہی ہیں۔ آنکھوں میں درد چھپائے حنا خان کا کہنا تھا کہ کچھ دن بہت زیادہ مشکل ہوتے ہیں لیکن کچھ دن اچھے بھی ہوتے ہیں جیسے آج کا دن اچھا ہے اور وہ خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں۔

حنا خان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کبھار غائب ہو جاتی ہیں کیونکہ انہیں وقت کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ صحت یاب ہو سکیں۔ انہوں نے بات کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ سب دعا کرتے رہیں یہ دن بھی گزر جائیں گے اور وہ بالکل ٹھیک ہو جائیں گی، انہیں اللہ تعالی پر مکمل یقین  ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ حنا خان میں کینسر کے تیسرے درجے کی تشخیص، دعاؤں کی اپیل

پوسٹ شیئر کرنے کے بعد صارفین کی جانب سے حنا خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، اداکارہ کے اس حوصلے کو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین حنا خان کی ہمت کی داد دیتے نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ آپ بہت بہادر ہیں اور بہت جلد اس بیماری کو شکست دے دیں گی۔

28 جون کو اداکارہ حنا خان نے مداحوں کو چھاتی کے کینسر، اسٹیج تھری سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد ان کا مقامی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ واضح رہے کہ 36 سالہ اداکارہ حنا خان نے ڈراما سیریل ‘یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے’ میں اکشرا کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کی۔ وہ ‘بگ باس’ اور ‘خطروں کے کھلاڑی’ جیسے ٹی وی شوز میں حصہ لینے کے ساتھ کئی پروجیکٹس میں بھی نظر آ چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp