کراچی میں ایس ایس پی ایسٹ کے شکایتی سیل میں تعینات خاتون پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت وصولی کا انکشاف ہوا ہے، اپنے خلاف شکایت کے سلسلے میں آنے والے پولیس اہلکار نے خاتون اہلکاروں کی رشوت کا تقاضا کرنے کی ویڈیو وائرل کردی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد ایس ایس پی ایسٹ نے 4 خواتین اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری شروع کردی ہے۔
کراچی میں ایس ایس پی ایسٹ کے شکایتی سیل میں تعینات خاتون اہلکاروں کی رشوت وصولی کا انکشاف، اپنے خلاف شکایت کے سلسلے میں آنے والے پولیس اہلکار نے خاتون اہلکار کی رشوت کا مطالبہ کرنے کی ویڈیو بناکر وائرل کردی۔ pic.twitter.com/Y5psCMJB87
— WE News (@WENewsPk) September 4, 2024
یہ بھی پڑھیں: ’شہریوں سے 10-10 روپے رشوت لیں گے تو یہی عزت ہو گی‘ ڈرائیور نے پولیس اہلکار کے کہنے پر گاڑی نہ روکی، ویڈیو وائرل
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ویڈیو سامنے آنے پر شکایتی سیل میں تعینات 4 خواتین پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے، ویڈیو بنانے والے مرد پولیس اہلکار کیخلاف ایک خاتون شہری نے شکایت کی تھی، جس پر انہیں انکوائری کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
رشوت کے تقاضے پر مبنی وائرل ویڈیو میں خاتون پولیس اہلکار کہہ رہی ہیں کہ دفتر میں چار لڑکیاں ہیں، ہر لڑکی کا پانچ ہزار خرچہ تو حق ہے، بعد ازاں وہی خاتون اہلکار کہتی ہیں کہ ڈی ایس پی کے پاس آدمی بیٹھا ہے ڈائریکٹ پیسے کی بات نہیں کرسکتی، اتنا پتہ ہے 50 سے کم نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں: پنجاب پولیس کا اے ایس آئی رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا؟
خاتون پولیس اہلکار کہتی ہیں کہ جس خاتون اہلکار نے تمہار بیان لکھا ہے وہ بہت خراب اور لالچی ہے،آپ کم از کم ہمارا خرچہ تو نکالو، متاثرہ اہلکار نے ویڈیو میں خاتون اہلکار کو بتایا کہ اس کے اکاؤنٹ میں صرف 30ہزار ہیں، تنخواہ ہی صرف 70ہزار ہے جنرل ڈیوٹی کرتا ہوں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پولیس نے مذکورہ ویڈیوز کانوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، انکوائری کی روشنی میں مزید محکمانہ کارروائی کی جائےگی۔