انسانی اسمگلرز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ایف آئی اے لاہور زون نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 3 اشتہاری ملزمان گرفتار کرلیے ہیں۔
گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے انتہائی مطلوب محمد اکبر، اشتہاری ملزم محمد ظہیراور ملزمہ آمنہ ہاشمی شامل ہیں، جنہیں لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے، ریڈ بک کے انتہائی مطلوب ملزم محمد اکبر کے خلاف 7 سے زائد مقدمات درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کا چھاپہ، امریکی پولیس اہلکار سمیت 4 انسانی اسمگلرز گجرات سے گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ریڈ بک میں درج انتہائی مطلوب ملزم محمد اکبر ملزم نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیائے ہیں، ملزم کے خلاف سال 2017 میں مقدمات درج ہوئے، ملزم شہریوں کو ملائیشیا اور یو اے ای بھجوانے کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورتا رہا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد اکبر نے شہریوں سے مجموعی طور پر 15 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کیے، ملزم سال 2017 سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا، اشتہاری ملزم محمد ظہیر نے متاثرین کو پرتگال بھجوانے کا جھانسہ دے کر 88 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
مزید پڑھیں:رواں سال کتنے غیر ملکی پاکستان آئے؟ ایف آئی اے امیگریشن نے کارکردگی رپورٹ جاری کردی
ترجمان کے مطابق اشتہاری ملزمہ آمنہ ہاشمی نے شہری کو ملازمت کی غرض سے متحدہ عرب امارات بھیجنے کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ روپے ہتھیائے، گرفتار ملزمان متاثرین سے رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے، تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔