سابق وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ نواز شریف مری سے واپس لاہور آنے کے بعد آج کل جاتی امرا میں کافی مصروف دن گزرا رہے ہیں، لیکن یہاں ان کی مصروفیات سیاست نہیں بلکہ اپنے ذاتی کام کاج ہیں، جس میں حسن اور حسین نواز بھی اپنے والد کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف فیملی کی جاتی امرا میں 3 سو ایکڑ زمین ہے مگر جہاں پر رہائش ہے وہاں پر زرعی زمین 100 اور 20 ایکڑ پر نواز شریف کا گھر ہے،کچھ زمینوں کی دیکھ بھال شریف فیملی خود کرتی ہے جبکہ بقیہ زمین میاں صاحب نے ٹھیکے پر دی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف نے حمزہ شہباز کو پنجاب میں دوبارہ متحرک ہونے کی ہدایت کردی؟
آج کل نواز شریف کی اسی رہائش گاہ سے وابستہ ٹریکٹر خرابی کے ایک معاملے کی کافی چرچا ہے،کچھ روز قبل نواز شریف کے 2 ٹریکٹر خراب ہوگئے تھے، جاتی امرا کی دیکھ بھال پر مامور اسٹاف نے سابق وزیر اعظم کو ٹریکٹر کی ایک مرتبہ پھر خرابی کا بتایا تو نواز شریف کو غصہ آگیا، انہوں نے کہا کہ آئے دن ٹریکٹر خراب ہو رہے ہیں، لہذا سب کی انکوائری کی جائے۔
اس ضمن میں سابق وزیر اعظم نے ہدایت دی ہیں کہ ڈرائیور سے پوچھا جائے اس نے جب پہلے ٹریکٹر ٹھیک کروایا تھا تو اس وقت کون کون سا کام ہوا تھا اور اب کیا خرابی ہوئی ہے، جاتی امرا کی دیکھ بھال پر مامور کمیٹی کو اس معاملے کی مکمل جانچ پڑتال کرکے صورتحال سے انہیں آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نواز شریف زرعی زمین سمیت دیگر ملز کی بحالی کے لیے سرگرم ہیں؟
شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف آج کل چونکہ لاہور میں مقیم ہیں لہذا وہ اپنے کاروبار کو دوبارہ سیٹ کرنے کا سوچ رہے ہیں، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے سربراہ کامران لاشاری کے ساتھ نواز شریف کی میٹنگ متوقع تھی، جسے میاں صاحب نے یہ کہہ کر ملتوی کر دیا کہ آج شریف میڈیکل سٹی کے معاملات کی جانچ پڑتال ہونی ہے۔
مزید پڑھیں:نواز شریف ملکی سیاست میں بہت اہم اور مثبت کردار ادا کرنے جارہے ہیں، عرفان صدیقی
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم ان دنوں شریف میڈیکل سٹی کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں اس حوالے سے وہ شریف میڈیکل سٹی کے بورڈ آف ڈاریکٹرز کے ساتھ اپنے بیٹوں کے ہمراہ مشاورت میں بھی مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسی طرح وہ شوگر ملز اور حدبیہ پیپرز ملز کی بحالی کے حوالے سے بھی میٹنگ کر رہے ہیں، نواز شریف کے جیل کے دنوں میں پورا خاندان زیر عتاب تھا، عمران خان حکومت میں نواز شریف فیملی کی شوگر ملز اور حدبیہ پیرز ملز کو زبردستی بند کروایا گیا تھا، جس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا، اب میاں صاحب خصوصی طور پر اپنے کاروبار پر توجہ دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:نواز شریف 5 غدار ججوں کو سزا دو ورنہ قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی، کیپٹن صفدر کی ویڈیو وائرل
شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف ان دنوں اپنی زرعی زمینوں پر بھی کافی توجہ دے رہے ہیں، اور صبح آٹھ بجے سے اپنی نجی مصروفیات کا آغاز کردیتے ہیں، وہ اپنی رہائش گاہ سے متصل کچھ ایکڑ پر لگائے گئے جنگل کو صاف کروانے کا سوچ رہے ہیں، اسی طرح باقی زمین پر کاشتکاری کے حوالے سے زمینداروں سے مشاورت کی جارہی ہے۔