ٹرافی کے ہمراہ بنگلہ دیشی کپتان اپنے وطن پہنچے تو کیسا استقبال ہوا؟

جمعرات 5 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ٹرافی اور ٹیم کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔ جیسے ہی وہ ائیرپورٹ پر اترے تو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

دوسری طرف لاؤنج میں بنگلہ دیشی شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنھوں نے کپتان کو ٹرافی سمیت دیکھا تو خوشی سے چیخنے، چلانے لگے اور نعرہ لگانے لگے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچز بنگلہ دیش نے جیت لیے۔  بنگلہ دیش کے لیے یہ ایک تاریخی فتح تھی کہ اس نے پاکستان کے خلاف پہلی بار سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم اس سیریز کے دوران کسی بھی شعبے میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔ جب کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم دونوں میچز میں کھیل پر حاوی دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف کلین سوئپ، ’مریض نہیں سرجن بدل کر دیکھیں شاید معاملہ حل ہوجائے‘

دوسری طرف بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے سوشل میڈیا پر دل موہ لینے والی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ  ٹرافی کے ساتھ سوئے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد بلند حوصلہ کپتان شانتو نے مہدی حسن میراز کی خصوصی تعریف کی جنہوں نے سیریز جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور آل راؤنڈ کارکردگی  پیش کی۔ میراز کی غیر معمولی باؤلنگ، جس میں چیلنجنگ کنڈیشنز میں 5 وکٹیں شامل ہیں، کی کپتان نے خصوصی طور پر تعریف کی۔ انہوں نے بھارت کے خلاف آئندہ سیریز میں سینئر کھلاڑیوں مشفق الرحیم اور شکیب الحسن کی موجودگی کو اہم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کے خلاف بدترین شکست کے بعد پاکستانی کپتان شان مسعود کا اہم بیان

شانتو کا کہنا تھا کہ اگلی سیریز بہت اہم ہے ، پاکستان کے خلاف جیت نے ہمیں بہت زیادہ اعتماد بخشا ہے۔ ہمارے پاس مشی اور شکیب جیسے تجربہ کار کھلاڑی ہیں، وہ ہندوستان میں اہم ثابت ہوں گے۔ میراز  نے جس طرح سے بولنگ کی اور جن حالات میں 5 وکٹیں حاصل کیں وہ بہت متاثر کن ہیں، اور امید ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف بھی ایسا ہی کرے گا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش اپنی اگلی ٹیسٹ سیریز بھارت میں کھیلے گا، جو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں 19 ستمبر سے شروع ہوگی۔ بنگلہ دیش نے اب تک بھارت کے خلاف کوئی ٹیسٹ نہیں جیتا۔ اب تک دونوں ملکوں کے درمیان 13 میچز ہوئے جن میں سے 11 میچز میں بنگلہ دیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ  دو ٹیسٹ  بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp