اختر مینگل کا ضمیر زندہ ہے، لیکن استعفیٰ تو لاہور میں ماسک پہنے فرد کو دینا چاہیے، بیرسٹر سیف

جمعرات 5 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمدعلی سیف نے کہا کہ اختر مینگل کا ضمیر زندہ ہے اور جب انہوں نے یہ محسوس کیا کہ پارلیمنٹ میں ان کی بات نہیں سنی جاتی تو انہوں نے استعفی دے دیا، لیکن میں یہاں کہنا چاہتا ہوں کہ استعفیٰ تو درحقیقت لاہور میں ماسک پہنے فرد کو دینا چاہیے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ اختر مینگل نے واضح طور پر کہا کہ پارلیمںٹ میں ان کی بات نہیں سنی جاتی اور ہم ان کی اس بات سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کیونکہ جب آپ ایوان میں چوروں کو بٹھائیں گے تو وہ کبھی بھی حق کا، سچائی کا اور ایمانداری اور دیانت کا ساتھ نہیں دیں گے۔

مزید پڑھیں: حکومتی وفد مجھے قائل کرنے میں ناکام رہا، اختر مینگل کا استعفیٰ واپس لینے سے انکار

سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق بیرسٹر سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد بڑھانے اور ایکسٹینشن سے متعلق باتیں چل رہی ہیں اور ایسا کرنے کے لیے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی ہی پامالی کی جارہی ہے جس میں واضح کردیا گیا ہے کہ سینیئر جج ہی چیف جسٹس آف پاکستان بنے گا۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ جب سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق اپنا فیصلہ جاری کیا تو حکومت سے یہ بات برداشت نہیں ہوئی اور اس نے پارلیمنٹ کو استعمال کرکے اس فیصلے کو بھی سبوتاژ کرنے کی کوشش کی اور یہ کوششیں ابھی تک جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیکن عوام حکمرانوں کی ان حرکتوں کو دیکھ رہے ہیں اور ہماری بھی اس پورے معاملے پر نظر ہے اور میں یہاں یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ جس طرح ماضی میں یہ لوگ رسوا ہوئے تھے اب بھی ایسا ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ صوبائی اسمبلی میں اعتماد کھو چکے ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر فیصل کریم کنڈی سے متعلق مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فیصل کریم کنڈی کو ایک ڈیل کے نتیجے میں یہ عہدہ دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اب تک یہ یقین نہیں آرہا کہ وہ صوبے کے گورنر بن چکے ہیں اور ان کے پاس کرنے کے لیے بھی کچھ نہیں ہیں لہٰذا وہ روز کوئی نہ کوئی بیان دے دیتے ہیں جن سے انہیں احساس ہو کہ وہ اب گورنر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp