’ حجاب کا مطلب صرف سر چھپانا نہیں‘، اداکارہ نمرہ خان کی جدید حجاب پر تنقید

جمعرات 5 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کا کہنا ہے کہ حجاب کا مطلب صرف سر چھپانا نہیں ہے بلکہ جسم کو مکمل طور پر ڈھانپنا ہوتا ہے۔

اداکارہ نمرہ خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی جس میں سے ایک حجاب بھی تھا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں 4 ستمبر کو عالمی یوم حجاب منایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نمرہ خان نے اپنے ’اغوا کیس‘  کی پیروی سے متعلق بڑی بات کہہ دی

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پردے اور حجاب کا مطلب جسم اور چہرے کو مکمل طور پر ڈھانپنا ہے۔ حجاب کا مقصد صرف بالوں اور چہرے کو آدھا چھپانا نہیں بلکہ پردہ ہے۔ اگر آپ کسی نا محرم کے سامنے آئیں تو سر سے پیر تک کوئی چیز ایسی نہ ہو جو غیر محرم کو آپ کی طرف متوجہ کرے۔

نمرہ خان نے کہا کہ عام طور پر دیکھا گیا ہے خواتین حجاب کو بھی فیشن کے طور پر اپناتی ہیں، جینز پینٹ شرٹ پہننے کے بعد اوپر سے حجاب پہن لیتی ہیں اور میک اپ بھی کرتی ہیں ایسا اس لیے ہے کیونکہ انہیں حجاب کا درست مطلب معلوم نہیں ہوتا لیکن ایسے نہیں کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ نمرہ خان نے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

اداکارہ کا کہنا ہے کہ پردہ صرف سر نہیں بلکہ آنکھوں سمیت ہر چیز کا ہوتا ہے۔

نمرہ خان نے سابقہ اداکارہ زرنش خان کی تعریف کرتے ہوئے مثال دی کہ  لوگوں کو ان سے سیکھنا چاہیے کہ حجاب کا کیا مطلب ہوتا ہے۔ جب ان کا کیرئیر عروج پر تھا تو زرنش نے سب کچھ چھوڑ کر پردہ شروع کردیا اور ایسا نہیں ہے کہ وہ حجاب کرتے ہوئے بھی ریلز یا ویڈیوز شیئر کررہی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ مانتی ہیں کچھ لوگوں کا  ذریعہ معاش سوشل میڈیا ہے لیکن زرنش نے مکمل طور پر سب کچھ ترک کیا اور وہ انہیں سلام پیش کرتی ہیں اور ان کے فیصلے کی عزت کرتی ہیں کیونکہ بہت کم لوگوں میں یہ ہمت ہوتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp