پاک، انگلینڈ ٹیسٹ سیریز پاکستان سے باہر ہونے کی خبریں، اصل معاملہ کیا ہے؟

جمعہ 6 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ نے ان رپورٹس کے بعد کہ ٹیسٹ میچز کسی اور ملک منتقل ہو سکتے ہیں، اپنے دورہ پاکستان سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ سے وضاحت طلب کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میڈیا میں ایسی خبریں آ رہی تھیں کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے مجوزہ گراؤنڈز میں تعمیراتی کام کے پیش نظر آئندہ ماہ شروع ہونے والی 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے شیڈول میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔

شیڈول کے مطابق انگلینڈ نے ملتان میں پہلا ٹیسٹ میچ 7 اکتوبر سے کھیلنا ہے، اس کے بعد کراچی اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جانا تھے، لیکن 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل تزئین و آرائش کے آغاز کے بعد سے 2 گراؤنڈز میں کھیلنا ممکن نہیں۔

مزید پڑھیں:نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری، بابر اعظم 5 سال میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10 سے باہر، شاہین کی بھی تنزلی

کہا جا رہا ہے کہ ایک یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز کو متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں منتقل کرنے کا امکان ہے۔ تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو حتمی پیشرفت کا انتظار ہے۔

انگلینڈ کے کوچ برینڈن میکلم نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں پاک انگلینڈ سیریز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے ہم واقعی کچھ نہیں جانتے۔ ہم تب تک ٹیم کا انتخاب نہیں کرسکتے جب تک ہمیں علم نہ ہو کہ ہم کہاں کھیل رہے ہیں۔

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا ہوگا کہ اگلے کچھ روز میں اس حوالے سے پتا چل جائے، جب ہمیں معلوم ہو جائے گا تب ہم مل بیٹھیں گے، تاکہ کنڈیشنز کے مطابق حریف ٹیم کے خلاف اچھی ٹیم بنا سکیں۔

مزید پڑھیں:ٹرافی کے ہمراہ بنگلہ دیشی کپتان اپنے وطن پہنچے تو کیسا استقبال ہوا؟

دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شیڈولڈ ہے تاہم سیریز کا از سر نو شیڈول آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ پی سی بی 2 ٹیسٹ راولپنڈی اور ایک ٹیسٹ ملتان میں کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ ابوظہبی میں ٹیسٹ میچ کرانے میں لاجسٹک، آپریشنل اور مالی چیلنجز درپیش ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp