نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری، بابر اعظم 5 سال میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10 سے باہر، شاہین کی بھی تنزلی

بدھ 4 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کے خلاف مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چند دنوں میں دوسری مرتبہ تنزلی ہوئی ہے اور گزشتہ 5 سال میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ وہ خود کو ٹاپ 10 ٹیسٹ کھلاڑیوں میں برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی بیٹرز کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق، بابر اعظم 9ویں سے 12ہویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ بابر اعظم 16 ٹیسٹ میچز کے دوران ایک بھی نصف سینچری نہیں بناسکے اور اب ان کے ریٹنگ پوائنٹس 712 ہیں۔ بابر اعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں حالیہ تنزلی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بری کارکردگی کے باعث کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی تنزلی، محمد رضوان کی پوزیشن بہتر

اگست کے آخر میں آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی بلے باز بابر اعظم اپنی خراب کارکردگی کے باعث 6 درجے تنزلی کا شکار ہوکر تیسرے سے 9ویں نمبر پر چلے گئے تھے جبکہ محمد رضوان پہلی مرتبہ کریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے تھے۔

دوسری جانب، بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے باوجود محمد رضوان ٹاپ 10 میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز میں مجموعی طور پر 294 رنزکے ساتھ محمد رضوان پاکستان کے ٹاپ اسکورر بیٹر رہے۔ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں محمد رضوان 10ویں نمبر پر ہیں۔ محمد رضوان کے 720 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ سلمان علی آغا واحد پاکستانی بیٹر ہیں جن کی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری آئی ہے اور وہ 606 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 40ویں سے 31ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: خراب فارم سے تنگ بابر اعظم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا؟

پاکستان کے مڈل آرڈر ٹیسٹ پلیئر سعود شکیل کی بھی نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے اور وہ 661 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں سے 13ہویں نمبر پر آگئے ہیں۔ عبداللہ شفیق بھی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 34ویں سے 42ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ خیال رہے کہ آئی سی سی کی بیٹرز کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ 922 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، کین ولیمسن دوسرے اور ڈیرل مچل تیسرے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کی جاری رینکنگ کے مطابق، بالرز کی کیٹیگری میں پاکستان کے شاہین آفریدی بھی ٹاپ  10بالرز کی فہرست سے آؤٹ ہوگئے ہیں، وہ 10ویں سے 11ہویں نمبر پر آگئے ہیں۔ نسیم شاہ کی پوزیشن بھی ڈاؤن ہوگئی ہے اور وہ 33ویں سے 35ویں نمبر آگئے ہیں۔ اسپنر ابرار احمد بھی باقی پاکستانی کھلاڑیوں کی طرح تنزلی کا شکار ہوکر 49 سے 46 نمبر پر آچکے ہیں۔ تاہم، آل راؤنڈر عامر جمال اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور وہ 423 پوائنٹس کے ساتھ 46ویں نمبر پر ہیں۔ بالرز کی کیٹیگری میں بھارت کے آف اسپنر روی چندرن ایشون 870 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ جوش یزل ووڈ اور جسپریت بمراہ دوسرے پوزیشن پر براجمان ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp