تاحیات نااہلی ختم، الیکشن ایکٹ کے تحت اب کتنی سزا ہوگی؟

جمعہ 6 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، جس کے تحت اب تاحیات نااہلی ختم کردی گئی ہے، قتل اور توہین عدالت جیسی سزاؤں پر اب صرف 5 سال کی نااہلی ہوگی۔ قبل ازیں یہ بل سینیٹ سے مںظور ہوچکا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا، اسپیکر نے ووٹنگ کرائی جس کے بعد بل کثرت رائے سے مںظور کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کی کوشش، ہر جگہ چیلنج کریں گے، عمر ایوب

بل کی منظوری کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں الیکشن ترمیمی بل 2024منظور کرلیا گیا ہے، اس بل میں کچھ زیادہ ترامیم نہیں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری کے بعد الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی ختم کردی گئی ہے، اس سے قبل صادق اور امین پر فتویٰ آیا تھا جس کے تحت تاحیات نااہلی کی گئی تھی، اب قتل اور توہین عدالت کی سزا پر صرف 5سال کی نااہلی ہوگی۔

اس دوران تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل نے بل کی شدید مخالفت کی جبکہ سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے اراکین نےاحتجاج کیا اور نو نو کے نعرے لگائے تاہم بل کثرت رائے سے منظور ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر ایاز صادق سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات، الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر تحفظات کا اظہار

دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد بل منظوری کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیا جائے گا، جن کے دستخط کے ساتھ ہی یہ بل ایکٹ بن جائے گا۔

واضح رہے قومی اسمبلی سے آج 2 بلوں کی منظوری لی گئی، ایک الیکشن ایکٹ ترمیمی بل اور دوسرا بغیر اجازت احتجاج کرنا جرم قرار دیے جانے کا بل بھی ایوان سے منظور کرلیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp