وزیراعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت وفاق کے اخراجات کم کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کمیٹی نے وفاقی حکومت کو اخراجات کم کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کرنے کی سفارش کی تھی۔
وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات منظور بھی کرلی ہیں، جس کے بعد وزارت خزانہ نے بچت کے اقدامات کرنے کے لیے سرکلر جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ: کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کی منظوری، عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کروں گا، وزیراعظم
وزارت خزانہ کے جاری سرکلر کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں 3 سال سے خالی اسامیاں ختم ہوجائیں گی جبکہ ایک سال سے زائد عارضی بھرتیوں کے سوا کوئی نئی بھرتی نہیں کی جائے گی۔
سرکلر کے مطابق سرکاری و حکومتی اہلکاروں پر سرکاری خرچے پر بیرون ملک علاج پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، ساتھ ہی حکومتی اخراجات پر بیرون ملک دوروں پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری مہم: حکومت نے وزرا اور سرکاری افسران پر کون سی سفری پابندیاں عائد کی ہیں؟
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی، ہر قسم کی نئی مشینری اور آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
اسپتالوں ،لیبارٹریز، زراعت، اسکولوں کے لیے مشینری اور آلات کی خریداری ہوسکے گی، صرف ایمبولینس، طبی امداد سے متعلق آلات اور تعلیمی اداروں کے لیے بسیں خریدی جاسکیں گی۔