ہنی سنگھ جنہیں یو یو ہنی سنگھ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک بہت ہی مشہور بھارتی میوزک کمپوزر، گلوکار اور فلمی اداکار بھی ہیں۔
انہوں نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز 2005 میں بھنگڑا میوزک پروڈیوسر کے طور پر کیا تھا۔ ہنی سنگھ نے انگریجی بیٹ، براؤن رنگ، دیسی کلاکار، لونگی ڈانس، دھیرے دھیرے، پارٹی آل نائٹ اور ہائی ہیلز جیسے ہٹ گانوں سے بڑے پیمانے پر شہرت حاصل کی۔
ہنی سنگھ نے بالی ووڈ میں جدید پنجابی موسیقی کو بھی متعارف کرایا۔ حال ہی میں گلوکار نے اپنا ایک نیا البم بھی لانچ کیا ہے اور ان کا گانا ’گلوری بیک‘ اس وقت بھارت اور پاکستان دونوں ایشیائی ممالک میں ٹرینڈ کر رہا ہے۔
ان کے سپر ہٹ گانوں کی وجہ سے آج کل ہنی سنگھ کئی پوڈ کاسٹ میں نظر آرہے ہیں، ان پوڈ کاسٹس میں وہ سچی اور کھری اپنے دل کی بات بھی کہہ دیتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں اپنے متعلق بے شمار انکشافات کیے ہیں، ان انکشافات میں انہوں نے ایک انکشاف یہ بھی کیا کہ وہ اسلام سے متعلق معلومات حاصل اور اس کا مطالعہ بھی کرتے رہے ہیں اور یہ کہ بتدا میں ان کا تعارف اسلام کے ساتھ ہی ہوا ہے۔
اسلام سے متعلق اپنے تعارف کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہنی سنگھ نے کہا کہ ’میں 2007 میں موہالی منتقل ہوا ، اس وقت میرے پاس کام نہیں تھا اس لیے پنجاب میں مجھے مذہبی رہنماؤں سے ملنے کا موقع ملا۔ میں اس وقت صرف ایک میوزک پروڈیوسر تھا۔
ہنی سنگھ نے بتایا کہ جب میں پنجاب آیا تو مجھے بہت سی مذہبی شخصیات اور علمائے کرام کے ذریعے اسلام سے متعلق متعارف کرایا گیا، میں اس وقت ملحد تھا۔ میں نے ان مذہبی رہنماؤں اور علمائے کرام کے ذریعے اسلام کے بارے میں وسیع علم حاصل کیا۔
مجھے حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں معلوم ہوا۔ مجھے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں علم ہوا۔ میں صرف ان کی باتیں سنتا تھا۔ میں اس وقت مقبول بھی نہیں تھا، یہ وہ وقت تھا جب ’ہنی سنگھ‘ کو کوئی نہیں جانتا تھا۔
ہنی سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے پاس مذہب سے متعلق بہت سے سوالات جمع ہو گئے جن کا جواب ان مذہبی بزرگوں یا علمائے کرام نے مجھے دے دیا تھا۔ بعد میں مجھے شہرت، پیسہ اور میری زندگی میں سب کچھ ملا تو تب میں خدا کا شکر ادا کرنا بھول گیا اور شیطانی طاقتوں کی تعریف کرنے لگا، جو میں سمجھتا ہوں کہ میں نے بہت ہی غلط کیا۔ لیکن اب میں خدا پر پختہ یقین رکھتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر زیادہ تر مداح ہنی سنگھ کی اسلام کے بارے میں سوچی سمجھی گفتگو کو پسند کر رہے ہیں ساتھ ہی وہ گلوکار کے صحیح راستے پر رہنے کے لیے بھی دعا کر رہے ہیں۔ ہنی سنگھ کے اس مثبت پہلو کو دیکھ کر مداح بہت خوش ہیں جو اس سے پہلے کبھی سامنے نہیں آیا۔