بھارتی فوج کا ناشتہ

جمعہ 6 ستمبر 2024
author image

محمد نثار خان

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

6 ستمبر 1965 پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، اس دن پاکستان کے ازلی دشمن بھارت نے جنگ کا اعلان کیے بغیر طاقت کے نشے میں مست بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی فوجیں پاکستان میں داخل کردیں تھیں، بھارتی فوج کا ارادہ تو یہ تھا کہ وہ 7 ستمبر کو صبح کا ناشتہ لاہور میں کرے گی، لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے اس کو ایسا ناشتہ پیش کیا کہ وہ آج تک اس کا ذائقہ نہیں بھول پائی۔

طاقت کے نشے میں دھت بھارت کا منصوبہ یہ تھا کہ 6 ستمبر کی صبح لاہور کی سڑک پر بھارتی فوج سے اس وقت کے وزیراعظم لال بہادر شاستری اپنی کابینہ کے چند وزرا کے ہمراہ سلامی لیں گے اورشام کو لاہور جمخانہ میں کاک ٹیل پارٹی کے دوران دنیا کو خبردی جائے گی کہ دنیائے اسلام کی سب سے بڑی ریاست کے دل پر بھارت کا قبضہ ہوچکا ہے، لیکن بھارت کے ارادوں اور منصوبوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب پاک فوج سے مقابلے کے دوران مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی شکست کی خبریں آنے لگیں۔

یہ بھی پڑھیں:میری کہانی

یہ وہ وقت تھا جب نہ صرف پاک فوج کے سپوتوں نے بھارتی فوج کی تواضع کی بلکہ پوری قوم نے یکجا ہو کر بھارتی فوج کو ہر محاذ پر بدترین شکست کی صورت میں ناشتہ پیش کیا، سب سے اہم ناشتہ پاکستان کی فوج کے اہم سپوت میجرعزیز بھٹی نے بھارتی فوج کو پیش کیا۔

میجر عزیز بھٹی کو اس جنگ میں بہادری کے جوہر دکھانے پر نشان حیدر سے نواز گیا ہے، میجر عزیز بھٹی اس جنگ کے دوران لاہور سیکٹر کے علاقے برکی میں کمپنی کمانڈر تعینات تھے، انہوں نے 5 دن تک بھارتی فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور بھارتی فوج کے ٹینکوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔

 12 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج کے ایک ٹینک کا گولہ میجر عزیز بھٹی کی چھاتی پر لگا جس سے وہ شہید ہو گئے،پاکستانی قوم میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانیوں کو آج تک نہیں بھولی اور نہ کبھی بھول پائے گی۔

دوسری طرف6  ستمبر 1965 کو بھارت کی طرف سے پاکستان پرمسلط کی گئی جنگ بھارت کے لیے ایک خوفناک خواب ثابت ہوئی، پاکستانی فوج نے نہ صرف اپنے علاقوں کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دشمن کے علاقوں میں گھس کر اس کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا۔

ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ میں پاک فوج کے جوان مورچے سنبھالے ہوئے

پاک فوج کے شانہ بشانہ پاکستان کی بہادر عوام نے بھی اس جنگ میں جس بے جگری اور فیاضی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، عوام نے پاک فوج کے شانہ بشانہ جنگ لڑی اور دشمن پر یہ باور کروایا کہ وہ اپنے وطن کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے۔

پاکستانی قوم ہر سال 6 ستمبر یوم دفاع کے طور پر مناتی ہے،  اس دن پاکستانی قوم یہ عہد کرتی ہے کہ وہ اپنے وطن پر آنچ نہیں آنے دے گی اور مملکت خداداد ’پاکستان‘ کی طرف اٹھنے والی انگلی کو توڑ ڈالے گی اور اس پر میلی نگاہ ڈالنے والی آنکھ پھوڑ ڈالے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp