فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی سفری دستاویزات پر سعودی عرب کا سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا ہے۔
فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن کی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سعودی عرب جانے والے مسافر سے جعلی سفری دستاویزات برآمد کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کی کارروائی، سابقہ اہلیہ کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار
جعلی سفری دستاویزات برآمد ہونے پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کی شناخت احمد شکیل کے نام سے ہوئی ہے، جو عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جا رہا تھا، امیگریشن پراسیس کے دوران ملزم کے پاسپورٹ میں موجود جنوبی افریقا کا ویزا تھا جو کہ مشکوک پایا گیا۔
مزید پڑھیں: عظمیٰ بخاری کی درخواست پر ایف آئی اے کی کارروائی، ملزم گجرات سے گرفتار
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاسپورٹ پر ویزا کی سیکیورٹی خصوصیات ٹیمپرڈ تھیں، مشکوک معلوم ہونے پر کاؤنٹر آفیسر نے مزید جانچ پڑتال کے لیے سیکنڈ لائن آفس بھیجا، جہاں ابتدائی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ملزم سال 2017 میں پاکستان سے سوازی لینڈ گیا تھا اور 2024 میں واپس پاکستان پہنچا تھا۔
جنوبی افریقہ میں ملزم نے ساکا نامی ایجنٹ سے 3000 رینڈ کے عوض مذکورہ جنوبی افریقہ کا ورک پرمٹ حاصل کیا جو کہ جعلی نکلا، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔