گلگت بلتستان میں آٹا پیسنے کی روایتی چکی اب بھی چلتی ہے

پیر 9 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے علاقے میں قدیم زمانے میں چکی کے ذریعے مقامی لوگ اپنی گندم، مکئی اور دیگر اناج پیس کر آٹا بناتے تھے، جو ان کی خوراک کا بنیادی حصہ تھا۔ مگر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا اور ترقی کا سفر آگے بڑھتا گیا، چکی کا استعمال کم ہوتا گیا۔ جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کی آمد نے روایتی چکی کو بے کار بنا دیا۔ لوگ زیادہ آسان اور تیز رفتار ذرائع کی طرف متوجہ ہو گئے۔ اب چکی، جو کبھی ہر گھر کا حصہ ہوتی تھی، گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں سے ناپید ہو چکی ہے۔ نوجوان نسل میں سے بہت سے تو شاید چکی کا نام بھی نہ جانتے ہوں یا اسے دیکھنے کا موقع ہی نہ ملا ہو۔

یہ بھی پڑھیں:پرانی چاندی سے زیورات بنا کر اپنی شادی کا خرچ خود اٹھانے والی ہنرمند خاتون

لیکن اس جدید دور میں بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو اپنی ثقافت اور روایات کو زندہ رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔ دنیور کے رہائشی حمید ان لوگوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے چکی کے فن کو اب تک زندہ رکھا ہوا ہے۔

حمید نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ چکی کے ذریعے آٹا پیسنے میں گزارا ہے اور ان کے پاس اب بھی ایک چکی موجود ہے جسے وہ روزمرہ استعمال میں لاتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ چکی کا استعمال نہ صرف ایک روایتی عمل ہے بلکہ اس کے فوائد بھی بے شمار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان :کم عمری کی شادی کی روک تھام، قانون 7 برسوں سے التوا کا شکار کیوں؟ 

حمید کے مطابق چکی پر پیسا ہوا آٹا بہت زیادہ غذائیت بخش ہوتا ہے، کیونکہ یہ آٹا کسی بھی مشینی عمل سے نہیں گزرتا اور اس میں اناج کے تمام غذائی اجزا محفوظ رہتے ہیں۔ مشینی آٹا پیسنے کے عمل میں اکثر اہم غذائی اجزا ضائع ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ چکی پر پیسا ہوا آٹا تازہ اور قدرتی ہوتا ہے جس کا ذائقہ بھی بہت عمدہ ہوتا ہے۔

چکی کا ایک اور اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ اس سے توانائی کی بچت ہوتی ہے۔ بجلی اور مشینوں پر انحصار کرنے کی بجائے چکی قدرتی وسائل سے چلتی ہے۔ چکی کے ذریعے آٹا پیسنے کا عمل ماحولیاتی لحاظ سے بھی مفید ہے، کیونکہ یہ کسی بھی قسم کے ایندھن یا توانائی کا ضیاع نہیں کرتی۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان کی خواتین فری لانسنگ سے کتنے پیسے کما رہی ہیں؟

اگرچہ جدید دور میں چکی کا استعمال تقریباً ختم ہو چکا ہے، لیکن حمید جیسے لوگ اس روایت کو زندہ رکھ کر ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ہماری قدیم روایات میں بے شمار فائدے پوشیدہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp