گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگ 9 مئی والے لوگ ہیں جو اب دوسرا 9 مئی کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کل کے جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بڑھکیں ماریں، ان کے الفاظ پر پوری قوم کو افسوس ہے، پشتون کلچر میں خواتین کی بڑی عزت کی جاتی ہے لیکن علی امین گنڈاپور نے پشتون کلچر کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا نے علی امین گنڈاپور کی بھیجی گئی سمری مسترد کردی
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت انہیں جگہ دے گی تو ایسے اقدامات ہوتے رہیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے نکالنے کی دھمکیاں کوئی نئی بات نہیں، علی امین گنڈاپور شہد اور شراب میں ملوث ہوتے ہیں، انہوں نے 2 ہفتے کا الٹی میٹم دیا ہے، ایسا نہ ہو یہ دوڑ جائیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ میں جب تک عہدے پر ہوں آئین اور قانون کی پاسداری کروں گا، علی امین گنڈاپور صوبے میں عہدے بانٹ رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے مجھے چھٹے مشیر کی تقرری کے لیے سمری بھیجی، آئین مجھے صوبے میں چھٹا مشیر مقرر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ کتنا ہِٹ، کتنا فلاپ؟ سوشل میڈیا پر بحث جاری
انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں نہ ہوں تو پاکستان بھی نہ ہو، یہ ان کے ایجنڈے میں شامل ہے، علی امین گنڈاپور کی اداروں کی دھمکیوں پر ایکش ہونا چاہیے، وفاقی حکومت کو قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ خیبرپختونخوا نو گو ایریا بنا ہوا ہے، وہاں حکومت کی کوئی رٹ نہیں ہے، وزیراعلیٰ کو بتا دیا ہے کہ قانون کے خلاف کوئی کام نہیں کروں گا۔