پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تجویز دی ہے کہ ہمیں بغیر شرائط کے بیٹھ کر مذاکرات کرنے چاہییں، ایسے حالات کی طرف نہ بڑھا جائے جہاں کسی کی ہار جیت نہ ہو۔
گرفتاری سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بہت کچھ ہوگیا، اب آگے بڑھنا ہوگا۔
ایسے حالات کی طرف بڑھو جس میں کسی کی ہار جیت نہ ہو، بیٹھ جاؤ، شرائط نہ رکھو، بیرسٹر گوہر کی گفتگو@PTIofficial pic.twitter.com/4hGaUlDP1j
— WE News (@WENewsPk) September 9, 2024
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں، جو اسلام آباد کے خیبرپختونخوا ہاؤس میں موجود ہیں۔
حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو ہمیشہ سے مذاکرات کی پیشکش کی جاتی رہی لیکن عمران خان نے کہاکہ وہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سے مذاکرات نہیں کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلی فلور پر قومی ڈائیلاگ کی بات کی مگر پی ٹی آئی اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی، تاہم اب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے لچک دکھائی ہے، مگر یہاں یہ بات اہم ہے کہ بیرسٹر گوہر چیئرمین تحریک انصاف تو ہیں لیکن حتمی فیصلہ عمران خان نے ہی کرنا ہے۔