فاشسٹ حکومت کے دن گنے جاچکے، ہم اب اپنے حق کے لیے کھڑے ہونگے، اسد قیصر

منگل 10 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اسد قیصر نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے حوالے سے کہا ہے کہ ہماری مشاورت جاری ہے، فاشسٹ حکومت کے دن گنے جاچکے، ہم اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں گے، قوم بھی حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت جو ہورہا ہے اس پر پوری قوم سے اپیل ہے کہ ان جانبدار حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کو تحویل میں لے لیا گیا، بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اسلام آباد سے گرفتار

انہوں نے کہا کہ جس طرح چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کو پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتار کیا گیا، بہت افسوس ہوا کہ اسپیکر نے بہت کمزوری دکھائی، اس پارلیمنٹ کی ویسے ہی عزت نہیں تھی، یہ جعلی پارلیمنٹ ہے جس میں مینڈیٹ چور لوگ بیٹھے ہیں جو ججز کی مدت ملازمت یا ان کی تعداد میں اضافے سے متعلق قانون سازی کرنا چاہتے ہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی کوشش ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ اسمبلی نہ آئیں یا ان پر دباؤ ڈال کر انہیں اس قانون سازی کے حق میں ووٹ ڈالنے پر مجبور کیا جائے، لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی کے لیے 2 ہفتے کی ڈیڈلائن دیتا ہوں، علی امین گنڈا پور کا جلسہ عام سے خطاب

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یہ تحریک قانون کی حکمرانی کے لیے شروع کی ہے، ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، نہ ڈریں گے اور نہ ہی دبیں گے، ہم جدوجہد کریں گے اور آگے بڑھیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ امید ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان مایوس نہیں ہوں گے بلکہ وہ ان حالات کا مقابلہ کریں گے، ہم نے اس ملک میں اپنے بچوں کے مستقبل کو دیکھنا ہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب اس ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی والے دوسرا 9 مئی کرنا چاہتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے جتنے لوگوں کو گرفتار کیا ان کے خلاف کیسز بنائے، انہیں واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس طرح کی قانون سازی کرے گی تو ایسی قانون سازی کو کون مانے گا، ہم اسے ہر صورت چیلنج کریں گے اور اس کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشاورت کررہے ہیں، ہمیں ایک دن باہر نکلنا ہوگا، یہ حکومت ہماری اور عوام کی برداشت سے باہر ہے، اس فاشسٹ حکومت کے دن اب گنے جاچکے ہیں، ہم اب اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp