عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے 40 دن کا چلا کاٹا اور 3 بار کاٹا، کسی اور نے کاٹا ہے تو بتائیں؟ یہ پہلا دور ہے میرا کسی سے رابطہ نہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے کوئی گلہ نہیں، کسی کو گالی نہیں دینی چاہیے، جن لوگوں کو صبح ناشتے کے بعد گرفتار کیا گیا وہ صحیح نہیں ہوا۔ موجودہ اسمبلی کی طرف کوئی نہیں دیکھ رہا۔
ضلعی کچہری اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ قاضی فائز نے کہا کہ مجھے مجبور بھی کریں گے تو توسیع نہیں لوں گا یہ بہت مضبوط بیان ہے۔ اسمبلی کے اندر سے گرفتاریاں ہوئیں اسپیکر کو واضع کرنا ہوگا۔ 30 ستمبر تک انتظار کریں، دیکھیں کہ آسمان کیسے کیسے سیاسی رنگ بدلتا ہے۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دیں گے، شیخ رشید کا دعویٰ
واضح رہے کہ مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان اور شیخ رشید احمد کے خلاف تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
شیخ رشید اور صداقت عباسی اپنے وکلا سردار مصروف اور سردار شہباز کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ وکیل سردار مصروف نے کہا کہ مقدمے میں شریک ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، ملزمان کو بری کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔