بھارت کی جانب سے ناقص انتظامات، افغانستان کرکٹ بورڈ کا دوبارہ نہ آنے کا عندیہ

منگل 10 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ بھارت میں شیڈول تھا جو تاحال شروع نہیں ہو سکا۔ یہ میچ انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے قریب واقع گریٹر نوئیڈا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے ہیں لیکن ٹیسٹ کا پہلا روز آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ ضائع ہو گیا۔

ٹیسٹ سے پہلے گراؤنڈ اسٹاف نے افغانستان کے تربیتی سیشن کے لیے گراؤنڈ کو خشک کرنے کے لیے ٹیبل پنکھوں کا استعمال بھی کیا تھا مگر وہ سارا دن گراؤنڈ خشک ہونے کا انتظار کرتے رہے۔ افغانستان بورڈ آفیشل نے گریٹر نوئیڈا اسٹیڈیم کی سہولیات پر کڑی تنقید بھی کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گریٹر نوئیڈا کرکٹ اسٹیڈیم میں مڈ وکٹ ایریا کا ایک حصہ کھودا جا رہا ہے اور اس سے مرکزی گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ میں لگایا جا رہا ہے تاکہ میچ شروع کیا جا سکے۔

سوشل میڈیا صارفین بھی ناقص انتظامات پر انڈیا کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کرکٹ میں کچھ نیا دیکھنے کو مل رہا ہے۔

ایک صارف نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے لیے اس گراؤنڈ کی منظوری کیسے دی گئی ہے؟ کیا یہاں پہلے سے کسی چیز کو چیک نہیں کیا گیا تھا، صارف کا مزید کہنا تھا کہ یہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور افغانستان کرکٹ بورڈ دونوں کے لیے شرمناک ہے۔

ایک ایکس صارف نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انڈیا میں ان گنت اسٹیڈیم  ہیں لیکن امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ نے بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کے لیے ناقص سہولیات والا گراؤنڈ ہی مختص کیا۔

ایک بھارتی صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت شرمناک ہے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ کہاں ہیں جو بلا مقابلہ آئی سی سی کا صدر منتخب ہونے والے جے شاہ کی تعریفیں کرتے نہ تھکتے تھے۔

صارف کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بین الاقوامی کھیلوں کے لیے غیر معیاری سہولیات والے میدان استعمال کیے گئے ہوں۔

واضح رہے کہ افغانستان واحد ٹیسٹ میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی بھارت کے شہر نوئیڈا میں میزبانی کررہا ہے جہاں پہلا روز آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ ضائع ہو گیا۔ اسٹیڈیم میں نکاسی آب کا سسٹم اچھا نہ ہونے اور آوٹ فیلڈ کو کور کرنے کی مناسب سہولیات نہیں تھیں جس کی وجہ سے گراؤنڈ میں کھڑے پانی کو سارا دن خشک نہ کیا جا سکا۔

حالانکہ نوئیڈا میں سارا دن بارش نہیں ہوئی لیکن پہلے روز ٹاس تک نہ ہو سکا۔ اے سی بی کے ایک نمائندہ نے کہا ہے کہ ’یہ بہت بڑی پریشانی ہے، ہم یہاں کبھی واپس نہیں آئیں گے، کھلاڑی یہاں کی سہولیات سے بھی ناخوش ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp