وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 4 سال تک ملک میں نالائقوں کی حکومت رہی، جنہوں نے 40 سالہ ترقی کو تباہ و برباد کردیا، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزرا، پارلیمانی سیکریٹریز اور انتظامی سیکریٹریز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 5 سال میں کوئی اتنی اسکیمیں نہیں لاسکتا جو 6 ماہ میں ہم کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کردیا، کن بچوں کو مفت دودھ ملے گا؟
انہوں نے اجلاس کے دوران پارلیمانی سیکریٹریز سے 5 سالہ ویژن ڈاکو منٹ طلب کرلیا۔
مریم نواز نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں نے ملاقات میں پنجاب کو مواقع سے بھرپور سرزمین قرار دیا ہے، ہمیں اگر شہبازشریف کا ترقی کرتا ہوا پنجاب ملتا تو بہت تیزی آگے بڑھتے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہبازشریف کے دور میں جو دن رات محنت ہوئی، وہ چند سالوں میں تباہ کردی گئی، محنت کی ہے لیکن 6 ماہ میں مثالی بہتری کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندہ ہوں، عوام کی بہتری کے لیے کبھی چھٹی نہیں کی، میرا کام سے چھٹی نہ کرنا کسی پراحسان نہیں بلکہ میرا فرض ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری اسکیمیں کاغذی نہیں بلکہ عملی طور پر کام شروع ہوچکا ہے، ماضی میں حکومتی رویوں کی وجہ سے عوام کا اعتماد کم ہوا، لیکن اب حوصلہ افزا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ مہنگائی کم ہورہی ہے، پہلے مہنگائی کا اوپر جاتا تھا اب نیچے جارہا ہے۔ آٹا، دودھ اور ضروری اشیا کے نرخ اب بھی کم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آٹا 800 کے لگ بھگ ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں 1400 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت شہر میں 5 اور دیہات میں 10 مرلے پلاٹ کے مالکان 15 لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں بجلی بلوں میں ریلیف کے بعد جلد سولر پینل پروگرام شروع کیا جائے گا، مریم نواز
مریم نواز نے کہاکہ 15 لاکھ روپے کا قرض 7 سال میں 14 ہزار ماہانہ قسط پر ادا کرنا ہوگا، پنجاب میں 70 لاکھ صارفین کو بجلی بلوں میں 2 ماہ تک کا ریلیف دیا ہے۔