پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماؤں زرتاج گل، عمر ایوب، اسد قیصر اور فیصل امین کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔
آج پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل، عمر ایوب، اسد قیصر اور فیصل امین کی راہداری ضمانت درخواست پر سماعت ہوئی۔
زرتاج گل کے وکیل نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ زرتاج گل کے خلاف اسلام آباد میں جلسہ پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ زرتاج گل کے خلاف پنجاب میں اور مقدمات بھی ہیں، عدالت حکم دے کہ ان کو گرفتار نہ کیا جائے۔
سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل نے درخواست ضمانت کی مخالفت نہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس لیے مخالفت نہیں کر رہے کہ وہ انصاف کے ساتھ ہیں۔ اس پر جستس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ وہ پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ سٹیٹ مخالفت نہیں کر رہی ہے۔
بعدازاں عدالت نے تمام درخواست گزاروں کی 10 اکتوبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔اور درخواست گزاروں کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔