حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باعث سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے قومی اداروں کی فوری نجکاری کا اعلان کیا تھا۔ پی آئی اے اس وقت 850 ارب روپے سے زائد کا مقروض ہے جبکہ اس کے اثاثوں کی مالیت 161 ارب روپے ہے۔ قومی ایئرلائن کو صرف سال 2023 میں 75 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
وی نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ اس وقت پی آئی اے کے پاکستان اور بیرونِ ملک کون کون سے اثاثے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی اقدامات سے مہنگائی کم ہوئی، پی آئی اے کی نجکاری ہوکر رہے گی، مصدق ملک
وزارت نجکاری کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کے بعد پی آئی اے کو 3 کمپنیوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے جن میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ، پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ اور پی آئی اے لمیٹڈ شامل ہیں۔ ان کمپنیوں کے کے پاکستان میں 32 غیر منقولہ اثاثے ہیں جبکہ بیرونِ ممالک میں 9 غیر منقولہ اثاثے ہیں۔
مزید پڑھیے: سعودی عرب جانے والوں کے لیے خوشخبری، پی آئی اے نے کرایوں میں بڑی کمی کردی
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے پاکستان میں 26 مختلف اثاثے ہیں۔ ان میں ایک اسلام آباد میں پی آئی اے ویئر ہاؤس، اسکردو، لاہور، فیصل آباد، چترال، تربت، گوادر، آزاد کشمیر، سوات اور ملتان میں 9 پی آئی اے سیلز آفس، پی آئی اے سٹاف کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے سیدو شریف میں زمین، اسکردو میں پی آئی اے بکنگ آفس، کارساز کراچی میں 2 بنگلے، گلگت، سکھر، امارہ بلوچستان اور سیالکوٹ میں سیلز آفس کے لیے زمین، نتھیاگلی میں ایک کنال 28 مرلے کا فارم ہاؤس، شاہ فیصل کالونی کراچی میں پی آئی اے کالونی، ڈیرہ اسماعیل خان میں زمین، حیدرآباد میں سیلز آفس، کراچی میں پی آئی اے اسپتال، کراچی میں سیلز آفس، پی آئی اے اسکاؤٹ اکیڈمی کے لیے کراچی میں پلاٹ، ڈی ایچ اے کراچی کے بالمقابل 200 ایکڑ زمین شامل ہے۔
پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ کے پاکستان میں 5 غیر منقولہ اثاثے ہیں۔ ان میں مال روڈ راولپنڈی میں پی آئی اے بکنگ آفس، ارباب روڈ پشاور میں پی آئی اے سیلز آفس ، بلیو ایریا اسلام آباد میں پلاٹ نمبر 57 اور بلیو ایریا اسلام آباد میں پی آئی اے سیلز آفس اور حالی روڈ کوئٹہ پی آئی اے سیلز آفس شامل ہیں۔ جبکہ پی آئی اے آئی ایل کا پاکستان میں ایک ہی اثاثہ ایئرپورٹ ہوٹل کراچی میں ہے۔
مزید پڑھیں: قومی ایئرلائن کی نجکاری کیوں ضروری ہے، سعد رفیق نے بتادیا
پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ کے بھارتی شہر بمبئی میں اکاؤنٹس مینجر کی رہائش گاہ ہے جبکہ بھارتی شہر دہلی میں ایک بکنگ افس ہے۔ تاشقند پراپرٹی ہے، نیدر لینڈ میں پی آئی اے کا ٹاؤن آفس ہے جبکہ نیدرلینڈ میں پی آئی اے کا ایک اپارٹمنٹ اور نیویارک میں جنرل منیجر کی رہائش گاہ اثاثوں میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ پی آئی اے آئی ایل کا نیویارک امریکا میں روز ویلٹ ہوٹل ہے اور پیرس میں اسکرائب ہوٹل ہے۔