کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں غیرقانونی پیٹرول بیچنے والی دکان پر لگنے والی آگ نے تین منزلہ رہائشی عمارت کو لپیٹ میں لے لیا، واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل نمبر 3 کے قریب دکان میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کے اوپر رہائشی منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے سے 10 سے زائد موٹر سائیکلیں جل گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنمنٹ سائنس کالج کوئٹہ میں آتشزدگی سے ریکارڈ خاکستر، وزیراعلیٰ کا نوٹس
فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا، فائر بریگیڈ کی 5گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
سندھ ریسکیو 1122 کے اہلکار کے مطابق رہائشی عمارت سے ایک 55سالہ شخص کی لاش نکالی گئی ہے، جو آگ میں جھلس کر جاں بحق ہوا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خواتین اور بچوں سمیت عمارت میں 15 کے قریب رہائشی افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔
ریسکیو اہلکار حسن خان کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور پر موجود ’غیر قانونی پیٹرول کی دکان‘ میں لگی جہاں سے موٹر سائیکلوں کو پیٹرول فروخت کیا جا رہا تھا، آگ لگنے کے بعد اچانک پھیل گئی اور اس نے پوری تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: اتوار بازار میں آتشزدگی، وفاقی وزیر داخلہ نے تحقیقات کا حکم دیدیا
ایس ایس پی کورنگی توحید رحمٰن میمن جنہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ آگ اس وقت لگی جب کسی نے پیٹرول کی دکان پر سگریٹ پھینکا۔
ماضی میں پولیس نے تقریباً دو ماہ قبل غیر قانونی طور پر پیٹرول فروخت کرنے والی دکان کے خلاف کارروائی کی تھی تاہم پیٹرول بیچنے والے دکاندار نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کر لیا تھا۔
وزیراعلی سندھ کا نوٹس
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ غیر قانونی پیٹرول پمپ بتائی جا رہی ہے، غیر قانونی پیٹرول بیچنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جہاں جہاں اس طرح کے غیر قانونی کھلے پیٹرول کا کاروبار چل رہا ہے ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، انسانی جانوں سے کھیلنے کا کسی کوحق نہیں دے سکتے۔